لکر اسکام کا معاملہ ، بوئن پلی ابھیشک سے سی بی آئی کی پوچھ تاچھ

   


دہلی میں ٹی آر ایس کے دو اہم قائدین کی موجودگی سیاسی حلقوں میں موضوع بحث
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : لکر اسکام کے سلسلہ میں تلنگانہ سے گرفتار کئے گئے بوئن پلی ابھیشک راؤ سے سی بی آئی پوچھ تاچھ کے دوران دہلی میں ٹی آر ایس کے دو اہم قائدین کی موجودگی سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے ۔ سی بی آئی کی جانب سے ابھیشک کی گرفتاری اور نئی دہلی منتقلی کے فوری بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اترپردیش سے اچانک نئی دہلی پہونچ گئے ۔ ان کے ہمراہ رکن راجیہ سبھا جوگنا پلی ، سنتوش کمار رکن کونسل کویتا کی موجودگی نے لکر اسکام کے بارے میں مختلف قیاس آرائیوں کا آغاز کردیا ہے ۔ میڈیا میں ان دونوں قائدین کے نام اسکام سے وابستہ افراد کے ساتھ جوڑے جارہے ہیں ۔ ایسے میں چیف منسٹر ان دونوں کو اپنے ساتھ لے کر نئی دہلی پہونچ گئے ۔ چیف منسٹر کا پروگرام ملائم سنگھ یادو کی آخری رسومات میں شرکت کرنا تھا لیکن وہ لکھنو سے دہلی پہونچ گئے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق لکر اسکام میں سی بی آئی تحقیقات پر نظر رکھنے کے لیے یہ قائدین دہلی میں موجود ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ابھیشک کی جانب سے سی بی آئی کو فراہم کردہ تفصیلات کی بنیاد پر تلنگانہ میں مزید گرفتاریاں ہوسکتی ہیں ۔ خود ٹی آر ایس کے حلقوں میں کویتا اور سنتوش کی نئی دہلی میں موجودگی پر حیرت کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ اسکام کے منظر عام پر آنے کے بعد سے یہ دونوں قائدین نے خود کو عوامی سرگرمیوں سے دور کرلیا ہے اب جب کہ سی بی آئی نے ابھیشک کو تحویل میں رکھتے ہوئے تفتیش کا عمل مکمل کرلیا ۔ ہر کسی کی نظریں سی بی آئی نے آئندہ اقدام پر ہیں ۔ ابھیشک نے سی بی آئی کو جو تفصیلات فراہم کی ہیں اس بارے میں سوشیل میڈیا کے ویب سائٹس پر مختلف اطلاعات گشت کررہی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ابھیشک سی بی آئی کی جانب سے پوچھے گئے چند معاملات کی اطلاعات کو فراہم نہیں کیا جارہا ہے ۔ سی بی آئی کی جانب سے ابھیشک کو مزید 2 دنوں کی سی بی آئی تحویل میں دینے کی درخواست کی گئی ہے ۔ ارون پلائی سے ابھیشک کے تعلقات کا سی بی آئی کو شبہ ہے اور ان دونوں کے درمیان رقمی لین دین کا دعویٰ کیا جارہا ہے ۔ اس بناء پر ارون پلائی سے پوچھ تاچھ کے لیے انہیں نوٹس بھی جاری کی گئی تاہم ارون پلائی نے نجی مصروفیت اور اپنی بیٹی کی صحت اور ہاسپٹل میں شریک ہونے کا حوالہ دیا ہے ۔ سی بی آئی کی جانب سے مزید تحقیقات اور چند دستاویزات کی جانچ ابھی باقی ہے جب کہ اس سلسلہ میں گوتم سے پوچھ تاچھ جاری ہے ۔۔ ع