نئی دہلی ۔ نیوزی لینڈ کے خلاف عبرتناک شکست کے بعد اب سوریاکمار یادو کی کپتانی میں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا جنوبی افریقہ کے خلاف امتحان ہوگا۔ اس وقت ہندوستانی ٹی20 ٹیم جنوبی افریقہ کے دورے پر ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 4 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریزکھیلی جانی ہے۔ اس دورے پر ہندوستانی ٹیم اپنا پہلا ٹی20 میچ 8 نومبرکو ڈربن میں کھیلے گی لیکن ٹیم انڈیا کے ہیڈکوچ گوتم گمبھیر اس سیریز میں نہیں ہوں گے۔ گوتم گمبھیر جلد ہی ہندوستانی ٹسٹ ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا کے دورے پر روانہ ہوں گے۔ ایسی صورت حال میں جنوبی افریقہ کے ایک تجربہ کار ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔گوتم گمبھیر جنوبی افریقہ کے دورے پر ہندوستانی ٹیم کے ساتھ نہیں گئے ہیں۔ گوتم گمبھیر کی غیر موجودگی میں وی وی ایس لکشمن ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیں۔یاد رہے کہ چار میچوں کی اس ٹی20 سیریزکا منصوبہ پہلے نہیں ہوا تھا، لیکن بی سی سی آئی اورکرکٹ جنوبی افریقہ کے درمیان بات چیت کے بعد اس دورے کو حتمی شکل دی گئی، جس کے بعد وی وی ایس لکشمن کو ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سونپی گئی۔یہ پہلی بار نہیں ہے، اس سے پہلے بھی وی وی ایس لکشمن کئی دوروں پر ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں۔ راہول ڈراویڈ نے اپنے دور میں جب بھی وقفہ لیا، وی وی ایس لکشمن نے ان کی جگہ ذمہ داری لی۔ اس بار بھی ٹیم کو جتوانے کی ذمہ داری ان پر ہوگی۔گوتم گمبھیر کی کوچنگ میں ٹسٹ سیریز میں نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کے بعد مداحوں کو ٹی 20 سیریز میں قومی ٹیم کی کامیابی کی امید ہے ۔