چندی گڑھ۔ ایشین باکسنگ چمپئن کور سنگھ جنہوں نے لیجنڈری محمد علی کے ساتھ ایک نمائشی میچ لڑا تھا ، جمعرات کو ہریانہ کے کروکشیتر کے ایک اسپتال میں انتقال کرگئے۔ وہ 74 برس کے تھے اور صحت کے متعدد مسائل کے لیے زیر علاج تھے۔ ہندوستانی فوج سے سبکدوش ہونے کے بعد وہ پنجاب کے ضلع سنگرور میں اپنے آبائی گاؤں کھنال خورد میں مقیم تھے۔ سنگھ نے 1982 کے ایشیائی کھیلوں سمیت بین الاقوامی مقابلوں میں چھ گولڈ میڈلس جیتے تھے۔ ان کے یادگار میچوں میں سے ایک چار راؤنڈ کا نمائشی میچ تھا جو انہوں نے 27 جنوری 1980 کو دہلی میں باکسنگ لیجنڈ محمد علی کے ساتھ لڑا تھا۔ سنگھ نے نئی دہلی میں 1982 کے ایشیائی کھیلوں میں ہیوی ویٹ باکسنگ کا گولڈ میڈل جیتا تھا۔ رواں ماہ پنجاب حکومت نے اسکول کے نصاب میں چار عظیم کھلاڑیوں کی زندگی کی کہانیاں شائع کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا اورکور سنگھ ان میں سے ایک ہیں۔ دیگر تین بار ہاکی کے اولمپیئن بلبیر سنگھ سینئر، لیجنڈری ایتھلیٹ ملکھا سنگھ اور ہندوستان کے پہلے ارجن ایوارڈ یافتہ اور اولمپین ایتھلیٹ گربچن سنگھ رندھاوا دیگر نام ہیں۔ انہیں کلاس 9 اور 10 کی فزیکل ایجوکیشن کی نصابی کتابوں میں شامل کیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ ہرپال چیمہ نے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کور سنگھ کی موت ملک کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ میں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ ان کی لاش آبائی گاؤں میں لانے کے انتظامات کریں۔ ۔ ہم خاندان کی ہر طرح کی مدد کریں گے۔ ان کی کامیابیوں کے اعتراف میں کور سنگھ کو 1982 میں ارجن ایوارڈ اور 1983 میں پدم شری اور 1988 میں وششٹ سیوا میڈل سے نوازا گیا۔