سرینگر ۔ یکم نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پی ڈی پی نے اپنے رکن راجیہ سبھا نظیر احمد لاوے کو پارٹی سے خارج کردیا ہے ۔ ان کو جموںو کشمیر کے لیفٹننٹ گورنر کی تقریب حلف برداری میں شرکت پر مخالف پارٹی سرگرمیوں کی پاداش میں پارٹی سے خارج کیا گیا ہے ۔ پی ڈی پی کے ایک ترجمان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ رکن راجیہ سبھا نظیر احمد لاوے کو پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے خارج کردیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ پارٹی نے سرینگر میں نئے لیفٹننٹ گورنر کی حلف برداری تقریب میں شرکت کی تھی اس لئے ان کو مخالف پارٹی سرگرمیوں کی پاداش میں خارج کیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ تقریب حلف برداری میں مسٹر لاوے کی شرکت پارٹی کے موقف کے برعکس تھی ۔ مسٹر جی سی مرمو کو جمعرات کو جموں و کشمیر کے لیفٹننٹ گورنر کی حیثیت سے حلف دلایا گیا تھا ۔ جموں و کشمیر کو مرکزی زیر انتظام علاقہ بنا دیا گیا ہے ۔