جمعیۃ العلماء نظام آباد کے قائد کی قانونی مدد اور خاندان کو تحفظ فراہم
نظام آباد: 27/نومبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)شہر کے ناگارام میں چند دن قبل مئیر نظام آباد میونسپل کارپوریشن ڈی نیتو کرن کے شوہر ڈی شیکھر پر حملہ کی واردات منظر عام پر آئی تھی۔ حملہ کی واردات انجام دینے والے شیخ رسول کی ماں اور بہنیں، بیوی بچے بے سہارا ہونے کی اطلاع پر حافظ محمد لئیق خان نے اس غریب خاندان کو قانونی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ شیخ رسول کی والدہ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے فرزند شیخ رسول کو اراضی کے مسئلہ پر مسلسل ہراساں کئے جانے سے دلبرداشتہ ہوکر اس نے حملہ کی واردات انجام دی لیکن اس واردات کے بعد شیخ رسول کی والدہ بہنوں اور بیوی بچوں کو نا قابل بیان مشکلات سے گذرنا پڑرہا ہے انہیں کوئی مدد حاصل نہ ہونے کی بناء پر بعض ہمدرد گوشوں کی جانب سے یہ مشورہ دیا گیا کہ حافظ محمد لئیق خان قائد جمعیت العلماء سے ربط پیدا کریں شیخ رسول کی والدہ نے کہا کہ انہوں نے حافظ محمد لئیق خان سے ملاقات کرتے ہوئے اپنی تکلیف کو سنانے پر حافظ محمد لئیق خاں آگے آتے ہوئے نہ صرف اعلیٰ پولیس عہدیداروں سے ان کے ہمراہ ملاقات کرتے ہوئے اس غریب خاندان کو تحفظ فراہم کرنے کے سلسلہ میں نمائندگی کی بلکہ قانونی امداد فراہم کرنے کا بھی تیقن دیا ہے جس پر اس غریب ماں نے حافظ محمد لئیق خان کا شکریہ ادا کیا۔ حافظ محمد لئیق خان قائد جمعیت العلماء نے شیخ رسول کے مکان پہنچ کر اس کی غریب والدہ سے ملاقات کی بعدازاں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے نظام آباد میونسپل کارپوریشن کے ڈیویژن نمبر 10، 11، 12 اور 13 میں سرکاری و خانگی اراضیات پر ناجائز قبضہ جات، گیانگ وار اور غنڈہ عناصر کو سیاسی پشت پناہی حاصل ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ پولیس کے عہدیداروں سے پرُ زور مطالبہ کیا کہ زمینات پر ناجائز قابضین اور غنڈہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کا دوبارہ اعادہ نہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی رانی کالونی میں مکانات کے انہدامی کارروائی کے بعد ناجائز قابضین کے نام سامنے آنے کے باوجود برائے نام کارروائی کی گئی جس کی وجہ سے شیکھر پر حملہ کی واردات منظر عام پر آئی۔ حافظ محمد لئیق خان نے حکومت اور محکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے زمینات پر ناجائز قابضین اور غنڈہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی پر زور دیا۔