برلن : ماحولیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پیش آنے والی موسمیاتی تباہیوں کے سبب جرمنی کو سن 2018 سے اب تک کم از کم 80 ارب یورو کا نقصان ہوچکا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ایسے’’ہولناک‘‘تباہیوں کے واقعات مسلسل بڑھتے اور شدید ہوتے جارہے ہیں۔ اقتصادیات اور ماحولیات کی وزارتوں کی جانب سے مشترکہ طور پر تیار کردہ اس رپورٹ کے مطابق 2000 اور 2021 کے درمیان جرمنی میں خشک سالی، سیلاب اور شدید گرمی کے سبب تقریباً 145 ارب یورو (147 ارب ڈالر) متاثر ہوئے۔ جو کہ حالیہ برسوں میں سب سے زیادہ ہے۔صرف سن 2018 کے بعد سے ہی عمارتوں اور بنیادی ڈھانچوں کو پہنچنے والے نقصانات نیز جنگلات اور زراعت کے شعبوں سے ہونے والی آمدنی میں 80 ارب یورو سے زیادہ کا نقصان ہوچکا ہے۔ماحولیات کی وزیر اسٹیفی لیمکے نے کہا، “یہ ہولناک سائنسی اعداد و شمار” اس حقیقت کو اجاگر کرتے ہیں کہ ماحولیات کے بحران کے سبب کتنے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ یہ اعداد و شمار ہمارے لیے خطرے کی گھنٹی ہیں تاکہ ہم ماحولیات کی حفاظت کے لیے زیادہ سے زیادہ اقدامات کرسکیں۔