حیدرآباد: ماسک کا عدم استعمال اب بہت مہنگا ثابت ہوگا۔ رچہ کنڈہ پولیس نے ماسک نہ پہننے والوں کو سخت گیر نتائج کا انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اب ایک ہزار روپئے فوری جرمانہ عائد کردیا جائے گا۔ کمشنر پولیس مہیش بھگوت نے کہا کہ کوویڈ۔19 کے بڑھتے واقعات کو دیکھتے ہوئے اس طرح کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ رچہ کنڈہ کمشنر نے مختلف پولیس اسٹیشن سے وابستہ 31 پولیس ملازمین کا استقبال کیا جو کورونا سے متاثر تھے اور کورونا کو ہرا کر صحتیاب ہوئے اور ڈیوٹی پر بحال ہوگئے۔ انہوں نے کورنٹائن اور علاج کے متعلق ان سے بات چیت کی اور احتیاطی تدابیر کا مشورہ دیا اور شہریوں سے کہا کہ وہ ماسک لازمی طور پر استعمال کریں۔