حیدرآباد۔15۔جون(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ نواحی علاقو ںمیں مانسون کی پہلی موسلادھار بارش نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے مانسون کی آمد سے قبل کی جانے والی تیاریوں کی قلعی کھول دی ہے اور ان تمام مقامات پر بارش کا پانی جمع ہوا جن علاقوں میں سابق میں بارش کی صورت میں پانی جمع ہوا کرتا تھا اور صبح کی اولین ساعتوں میں ہونے والی اس موسلادھار بارش کے سبب شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ راجندرنگر ‘ عطاپور‘ خیریت آباد‘ سوماجی گوڑہ ‘ بیگم پیٹ ‘ صنعت نگر کے علاوہ دیگر مصروف ترین سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہونے کے سبب اسکول پہنچنے والے بچوں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا جبکہ بیشتر اہم سڑکو ںپر جمع پانی کے سبب کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہی۔ مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسز جی وجئے لکشمی نے ٹوئیٹر کے ذریعہ عہدیداروں کو عطاپور ۔ راجندر نگر سڑک پر جمع پانی کے متعلق عوامی شکایات موصول ہونے پر ہدایات جاری کرتے ہوئے پانی کی نکاسی کو یقینی بنانے کی تاکید کی ۔ صبح کی اولین ساعتوں میں محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق مسلسل دو گھنٹوں تک تیز بارش کے سبب موسم خوشگوار ہوگیا لیکن کئی علاقوں کے عوام کو مانسون کی پہلی بارش کے ساتھ ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جو کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی ناکامی کا ثبوت ہے۔ کالاپتھر‘ تاڑبن ‘ مکہ کالونی ‘ تالاب کٹہ اور دیگر علاقو ںمیں نالوں کی عدم صفائی کے سبب دو گھنٹے کی بارش میں ہی پانی مکانات میں داخل ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں ۔ مکہ کالونی تاڑبن کے بیشتر مکانات میں پانی داخل ہونے کے سبب علاقہ کے مکینوں کو پریشانیوں کا سامنا کرناپڑرہا تھا کیونکہ پانی کی نکاسی کے لئے کوئی نظم نہ ہونے کے سبب وہ پانی کے اترنے کا انتظار کرتے دیکھے گئے۔ پی وی این آر ایکسپریس وے کے نیچے عطاپور سے راجندر نگر جانے والی سڑک کی ایک جانب حصہ تالاب میں تبدیل ہوجانے کے سبب دونوں سمت سے آنے والی ٹریفک ایک ہی راستہ سے گذرنے کی کوشش میں کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہی۔ دونوں شہروں کے علاوہ مضافاتی علاقوں عزیز نگر‘ مادھا پور‘ گچی باؤلی‘ مدینہ گوڑہ ‘ کوکٹ پلی ‘ اپل ‘ الوال کے علاوہ دیگر علاقو ںمیں بھی زائد از دو گھنٹے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 48گھنٹوں کے دوران شہرحیدرآباد میں مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے اور کہا جار ہاہے کہ نواحی اور مضافاتی علاقوں میں بھی مانسون سرگرم ہوچکا ہے اور آئندہ دویوم بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔م