حیدرآباد ۔ 15 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : تھیم پارکس پہلے کے میونسپل پارکس کی جگہ لے رہے ہیں اور یہ پارکس لوگوں کو خوشی منانے کے لیے معاون ثابت ہورہے ہیں ۔ ان پارکس کو سب کے لیے مفید بنایا جارہا ہے ۔ یہ ماڈرن پارکس بڑوں اور چھوٹوں کے لیے بھی پسندیدہ تفریحی مقامات بن گئے ہیں ۔ یہ پارکس لوگوں میں نالج بھی پیدا کرتے ہیں ۔ ریاستی حکومت تھیم پارکس کو فروغ دینے کے لیے کروڑہا روپئے خرچ کررہی ہے ۔ حلقہ اسمبلی کوکٹ پلی میں جنگل بک پارک ان میں ایک ہے جو موسیٰ پیٹ کے کیٹلا پور کے 15 ویں فیس میں آرہا ہے ۔ اس پارک میں جنگلی جانوروں کے سنگتراش مجسمے ہیں اس کے علاوہ واکنگ ٹرئیک اور گرینری ہے ۔ اس پارک میں غار اور جنگلی جانوروں ریچ ، درخت کی ڈالیوں پر اژدھے کے امیجس بچوں کے لیے ایک عجیب و غریب دنیا ہے ۔ اس پارک میں گوریلہ کا مجسمہ ہے اور بچوں کے لیے امیوزمنٹ اور پلے اکوپمـنٹ جنگل بک پارک جولائی میں استعمال کے لیے تیار ہوگا ۔ اس سے بہت قریب ، فورم مال کے نزدیک ویمنس پارک قائم کیا جارہا ہے ۔ حلقہ اسمبلی کوکٹ پلی میں سات تا دس مختلف تھیم پارکس بنائے جارہے ہیں ۔ ان میں اسپورٹس ، سائیکلنگ ، باکس کرکٹ ، باکس فٹ بال ، بیچ والی بال اور بیاڈ منٹن جیسے گیمس کھیلنے کی سہولتیں ہیں ۔ نیز اس میں پکل بال کھیلنے کی سہولت بھی ہے جو ٹینس ، ٹیبل ٹینس اور بیاڈ منٹس کے فیچرس کو ملاتا ہے ۔ بالاجی نگر اور کے پی ایچ بی کالونیز میں تھیم پارکس کو خوبصورتی کے ساتھ فروغ دیا گیا ہے ۔ جی ایچ ایم سی کوکٹ پلی زونل کمشنر کی جانب سے تھیم پارکس کو فروغ دینے کے لیے خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ آرٹسٹ رفیع الدین محمد نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے جنگل بک پارک کو لوگوں کو وائیلڈ لائف کے بارے میں بتانے اور اس سلسلہ میں انہیں حساس بنانے کے لیے فروغ دیا جارہا ہے ۔ جے این ٹی یو کے پرانے اور نئے دونوں طلبہ مجسموں کا ڈیزائن بنانے کے کام میں شامل ہیں ۔ کوکٹ پلی کے رکن اسمبلی ایم کرشنا راؤ نے کہا کہ حکومت تھیم پارکس کو فروغ دینے کو ترجیح دے رہی ہے موجودہ پارکس کو تھیم پارکس میں تبدیل کیا گیا ہے اور نئے پارکس کا کام شروع کیا گیا ہے ۔ اس میں واکنگ ٹرئیلس ، یوگا زونس ، اوپن جیمس وغیرہ سہولتیں ہیں ۔ بعض تھیم پارکس کا کام چل رہا ہے جب کہ دیگر چند پارکس افتتاح کے لیے تیار ہیں ۔ اس طرح کے پارکس کریم نگر اور نارائن پیٹ میں بھی بنائے گئے ہیں جملہ 57 تھیم پارکس مختلف تھیمس جیسے انوائرنمنٹل پروٹیکشن ، بتکماں ، سات عجائب ، نالج پارک ، جاپانیز پارک ، مغل گارڈنس کے ساتھ تیار ہیں ۔ ان تمام میں ، جوبلی ہلز میں ایک پتھر کا تھیم پارک اور نارائن پیٹ ڈسٹرکٹ میں سائنس پارک ، تھیم پارک کی بہترین مثالیں ہیں ۔۔