حیدرآباد 12 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست کے ماڈل اسکولس میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کیلئے سرویس رولس کو قطعیت دیئے جانے اور اس سے متعلق فائیل پر چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی جانب سے دستخط کردینے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں اور سمجھا جاتا ہے کہ آئندہ دو تین یوم کے دوران باقاعدہ طور پر جی او جاری کیا جائے گا اور بتایا جاتا ہے کہ اس جی او کی اجرائی کے ذریعہ گزشتہ 6 سال قبل تقرر عمل میں آئے ہوئے ماڈل اسکولس کے اساتذہ کو درپیش مختلف مسائل کی یکسوئی ممکن ہوسکے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ ماڈل اسکولس میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کے تبادلوں، ترقیوں کے علاوہ میڈیکل ری ایمبرسمنٹ، وراثتی تقررات سے متعلق موضوعات سرویس رولس کے شرائط و ضوابط میں شامل رہیں گے۔ اسی دوران ماڈل اسکول میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کے لئے سرویس رولس وضع کرتے ہوئے جاری کئے جانے والے جی او پر اساتذہ یونینوں نے اپنی مسرت کا اظہار کیا۔ پی آر ٹی یو صدر اور جنرل سکریٹری مسرس شری پال ریڈی اور کملاکر راؤ، ٹی ایس ٹی یو ٹی ایف صدر و جنرل سکریٹری، مسرس راملو، جاوا روی، ماڈل اسکول ٹیچرس یونین قائدین نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ، وزیر تعلیم شریمتی پی سبیتا اندرا ریڈی اور پرنسپال سکریٹری محکمہ تعلیم ڈاکٹر جناردھن ریڈی سے اظہار تشکر کیا۔