گانجہ مافیا کے حملہ میں زخمی کانسٹیبل کی عیادت ، اہل خانہ سے ملاقات
نظام آباد۔ 27 جنوری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ جاگروتی صدر کے کویتا نے آج نظام آباد میں گانجہ مافیا کے حملے میں شدید زخمی ہونے والی ایکسائز کانسٹیبل سومیا کی حیدرآباد کے نِمز اسپتال میں عیادت کی اور ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے سومیا کے خاندان کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی اور بتایا کہ اگرچہ سومیا کی حالت نازک ہے تاہم اس میں بتدریج بہتری آرہی ہے۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کے کویتا نے گانجہ اور ڈرگس مافیا کے خلاف حکومت کی کارکردگی پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایکسائز کانسٹیبل پر حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مجرموں کو حکومت کا کوئی خوف نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ریاست کو ڈرگس اور گانجہ سے پاک بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن آج دیہات ہی نہیں بلکہ اسکولوں تک میں منشیات کی رسائی ہوچکی ہے، جس کے نتیجے میں خواتین اور خاندان سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں اور گھریلو تشدد جیسے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ کے کویتا نے بعض اعلیٰ شخصیات پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگر قانون واقعی آزادانہ طور پر اپنا کام کرے تو مجرموں کو سزا ضرور ملے گی۔ انہوں نے پولیس سے اپیل کی کہ وہ سیاسی دباؤ سے بالاتر ہو کر کارروائی کرے اور ڈرگس و گانجہ مافیا کے خلاف سخت قدم اُٹھائے۔