محترمہ چاند بی بی جنگاؤں کو کارنامہ حیات ایوارڈ

   

جنگاؤں۔ 17؍نومبر (ذریعہ میل)۔ محترمہ چاند بی بی معلمہ منڈل پرجا پریشد اپر پرائمری اسکول کوتہ بستی منڈل جنگاؤں (ضلع جنگاؤں) متوطن مچھلی بازار ہنمکنڈہ کو اُردو زبان و اَدب کے زمرہ ’’تعلیم و تدریس‘‘ میں ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں تلنگانہ حکومت کی جانب سے 11 نومبر کو رویندرا بھارتی میں منعقدہ باوقار تقریب میں تلنگانہ اُردو اکیڈیمی کی جانب سے ’’کارنامہ حیات ایوارڈ‘‘ (پروفیسر حبیب الرحمن ایوارڈ) برائے سال 2022ء سے سرفراز کیا گیا۔ محترمہ چاند بی بی کا پہلا تقرر دسمبر 2002ء میں بحیثیت سیکنڈری گریڈ ٹیچر، ضلع پریشد اسکول سلاخ پور ولیج پر عمل میں آیا تھا۔ بعد ازاں انھوں نے 2009ء سے منڈل پرجا پریشد پرائمری اسکول مسلم مائناریٹی کالونی جنگاؤں میں خدمات انجام دیں۔ بعد ازاں ان کا مئی 2013ء منڈل پرجا پریشد پرائمری اسکول کیرتی نگر کالونی گیزگنڈہ منڈل (ضلع ورنگل) پر تبادلہ عمل میں آیا تھا۔ 2022ء سے کتہ بستی اپر پرائمری اسکول جنگاؤں ڈسٹرکٹ میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ وہ اپنے پیشہ سے اِنصاف میں اساتذہ برادری میں کافی مقبول ہیں۔ انھیں حکومت کی جانب سے ایوارڈ عطا کئے جانے پر افضل نگر کالونی سوشیل اینڈ ویلفیر اسوسی ایشن ملک پیٹ حیدرآباد کی جانب سے سکریٹری محمد نعیم الدین، صدر محمد طاہر حسین، ممبرس غلام ادریس احمد اور محمد سمیع الدین نے مبارکباد پیش کی۔