محمد اظہر الدین ، جیون ریڈی، ریونت ریڈی اور دیگر امیدواروں کے بی فارمس کی اجرائی

   

حیدرآباد۔/5 نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کی جانب سے پارٹی امیدواروں کو بی فارمس کی اجرائی کا سلسلہ جاری ہے۔ گاندھی بھون میں آج پارٹی کے بیشتر امیدواروں نے پہنچ کر بی فارم حاصل کیا۔ ورکنگ پریسیڈنٹ محمد اظہر الدین نے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کیلئے پارٹی کا بی فارم حاصل کیا۔ سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ روہت چودھری نے بی فارم حوالے کیا۔ گوشہ محل اسمبلی حلقہ سے پارٹی امیدوار صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ کو بھی بی فارم حوالے کیا گیا۔ کوڑنگل اسمبلی حلقہ سے ریونت ریڈی اور کلواکرتی اسمبلی حلقہ سے کے نارائن ریڈی کے بی فارمس بھی جاری کئے گئے۔ سکندرآباد کنٹونمنٹ حلقہ سے انقلابی شاعر آنجہانی غدر کی دختر ونیلا نے بی فارم حاصل کیا۔ مہیش کمار گوڑ، روہت چودھری اور جی نرنجن نے بی فارم حوالے کیا۔ راما گنڈم اسمبلی حلقہ کے امیدوار مانک سنگھ ٹھاکر، جگتیال اسمبلی حلقہ سے رکن کونسل جیون ریڈی، نرمل اسمبلی حلقہ سے سری ہری راؤ، سرپور کاغذ نگر سے آر سرینواس کو بی فارمس جاری کئے گئے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق بی فارمس کی اجرائی آئندہ دو دن میں مکمل کرلی جائے گی اور امیدواروں کو آخری تاریخ سے قبل ہی پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔