محمد سمیع کا سفر ختم ہوگیا !

   

ممبئی ۔ ٹیم انڈیا اس وقت نیوزی لینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز کھیل رہی ہے۔ اس کے بعد ہندوستانی ٹیم اپنی اگلی ٹسٹ سیریز آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔22 نومبر سے کھیلی جانے والی اس سیریز کے لیے ٹیم انڈیا کے سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے لیکن اسٹار فاسٹ بولر محمد سیمع اس دورے پر ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ محمد سیمع 2023 ون ڈے ورلڈ کپ سے ٹیم انڈیا سے باہر ہیں۔ وہ میگا ٹورنمنٹ کے دوران زخمی ہو ئے تھے جس کی وجہ سے وہ فروری 2024 میں لندن گئے اور سرجری کروائی تھی۔ خیال کیا جا رہا تھا کہ وہ آسٹریلیا کے اس دورے پر واپسی کر سکتے ہیں، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ دورہ آسٹریلیا کے ساتھ ہی بی سی سی آئی نے دورہ جنوبی افریقہ کے لیے بھی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جہاں ٹی ٹوئنٹی سیریزکھیلی جانی ہے۔ اس دوران بی سی سی آئی نے ان کھلاڑیوں کے بارے میں ایک الگ بیان بھی دیا ہے جنہیں زخمی کی وجہ سے ٹیم میں منتخب نہیں کیا گیا تھا، جس میں کلدیپ یادیو، میانک یادو، شیوم دوبے اور ریان پراگ جیسے کھلاڑی شامل ہیں لیکن بی سی سی آئی نے اپنی پریس ریلیز میں محمد سیمع کے بارے میں کوئی بیان نہیں دیا ہے جس نے سب کو حیران کر دیا ہے اور گمان کیا جارہا ہے کہ شاید محمد سمیع کا ہندوستانی ٹیم کے ساتھ سفر ختم ہوگیا ہے ۔