محمد شفیع اللہ تلنگانہ وقف بورڈ کی ذمہ داری لینے تیار نہیں

   

حکومت کو مکتوب روانہ ، دیگر ذمہ داریاں 13 جنوری کو حاصل کرنے کا عزم
حیدرآباد۔11جنوری(سیاست نیوز) سیکریٹری ٹمریز جناب محمد شفیع اللہ آئی ایف ایس نے چیف اکزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی اضافی ذمہ داریوں کو قبول کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ گذشتہ یوم محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے جاری کردہ جی او آرٹی 07 کے کے ذریعہ سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود جناب احمد ندیم نے جناب شاہنواز قاسم کی خدمات کو محکمہ پولیس کے حوالہ کئے جانے کے احکام کو نظر میں رکھتے ہوئے ڈائریکٹر محکمہ اقلیتی بہبود‘ ڈائریکٹر سیکریٹری تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی ‘ چیف اکزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے علاوہ ڈائریکٹر اقلیتی اسٹڈی سرکل کی مکمل اضافی ذمہ داریاں سیکریٹری ٹمریز جناب ایم بی شفیع اللہ آئی ایف ایس کے حوالہ کرنے کے احکام جاری کئے تھے۔ جناب ایم بی شفیع اللہ نے آج جی او کی اجرائی کے جواب میں حکومت کو روانہ کردہ مکتوب میں واضح کیا کہ وہ ٹمریز کے علاوہ تلنگانہ ریاستی حج کمیٹی کے اکزیکیٹیو آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے وقف بورڈ کے سواء مابقی تمام ادارۂ جات کی ذمہ داریوں کو قبول کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے جبکہ وہ سی ای او وقف بورڈ کے عہدہ کی ذمہ داری قبول کرنے کیلئے آمادہ نہیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلہ میں انہوں نے ریاستی حکومت کو مکتوب روانہ کردیا ہے اور مابقی ذمہ داریوں کا وہ 13 جنوری کو جائزہ لیں گے ۔ بتایاجاتا ہے کہ جناب شاہنواز قاسم اپنی ذمہ داریوں کے سلسلہ میں کھمم میں ہیں اور 13جنوری کو ان کی واپسی کے بعدجناب ایم بی شفیع اللہ ان سے ڈائریکٹر محکمہ اقلیتی بہبود‘ ڈائریکٹر اسٹڈی سرکل کے علاوہ ڈائریکٹر سیکریٹری تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کے اضافی ذمہ داریوں کا جائزہ حاصل کریں گے۔ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے سی ای او کے عہدہ پر جناب ایم بی شفیع اللہ کی جانب سے جائزہ نہ لئے جانے کے فیصلہ کے بعد وقف بورڈ کی حالت جوں کی توں برقرار ہے اور کوئی عہدیدار وقف بورڈ میں خدمات انجام دینے کیلئے آمادہ نہیں ہے۔ جناب عبدالحمید نے وقف بورڈ کے سی ای او کی حیثیت سے خدمات انجام دینے پر عدم آمادگی کا اظہار کردیا ہے اور اس کے علاوہ جناب عبدالمنان فاروقی نے بھی اس عہدہ کو قبول کرنے سے انکار کیا ہے۔ م