محمد محمود علی نے مہدی پٹنم اور گولکنڈہ میں بستی دواخانوں کا افتتاح کیا

   

چیف منسٹر کے سی آر تلنگانہ کو صحتمند ریاست میں تبدیل کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہے ہیں

حیدرآباد ۔ 20 مئی (سیاست نیوز) ریاستی وزیرداخلہ محمد محمود علی نے آج اسمبلی حلقوں کاروان اور نامپلی میں بستی دواخانوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی سید معراج حسین جعفر، کوثر محی الدین سابق میئر ماجد حسین کے علاوہ مقامی کارپوریٹرس موجود تھے۔ بعدازاں خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ کو صحتمند ریاست میں تبدیل کرنے کیلئے چیف منسٹر تشکیل علحدہ ریاست کے بعد محکمہ صحت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں جس کا نتیجہ ہے۔ گریٹر حیدرآباد میں بستی دواخانوں کا جال بچھادیا گیا ہے۔ دیہی علاقوں میں پلے دواخانے قائم کئے جارہے ہیں۔ شہر حیدرآباد کے اطراف 1000 بیڈس پر مشتمل ٹمس ہاسپٹلس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ ورنگل میں 2000 بیڈس پر مشتمل عالیشان ہاسپٹل تعمیر کیا جارہا ہے۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ اضلاع کے سرکاری ہاسپٹلس کو ترقی دیتے ہوئے تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ ہر ضلع میں ایک گورنمنٹ میڈیکل کالج قائم کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر کا ماننا ہیکہ جب تک عوام صحتمند نہیں رہیں گے اس وقت تک کسی بھی ریاست یا ملک میں خوشحالی نہیں آئے گی۔ ریاست کے سرکاری ہاسپٹلس میں عوام کو تمام طبی خدمات فراہم کرنے کیلئے جدید آلات فراہم کئے جارہے ہیں۔ کئی اقسام کے مفت ٹسٹ کرائے جارہے ہیں۔ یہاں تک کہ بستی دواخانوں میں مفت ٹسٹ کرانے کے علاوہ ادویات تقسیم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے عوام کو اپنی بستیوں میں موجود بستی دواخانوں سے مکمل استفادہ کرنے کا مشورہ دیا۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ ہر بستی دواخانے میں ماہر ڈاکٹر کے علاوہ اسٹاف نرس، فارماسسٹ اور لیاب ٹیکنیشن موجود ہیں۔ ریاست کے سرکاری ہاسپٹلس میں کارپوریٹ طرز کی طبی سہولتیں موجود ہیں۔ن