حیدرآباد۔یکم مئی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت محنت کش طبقہ کیلئے کئی فلاحی اور ترقیاتی پروگراموں کو روبہ عمل لارہی ہے۔ عالمی یوم مزدور ’’ مئی ڈے ‘‘ کے موقع پر چیف منسٹر نے اپنے پیام میں محنت کش طبقہ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یوم مئی سے تحریک پاکر تلنگانہ حکومت نے مزدوروں اور دیگر محنت کش طبقات کیلئے کئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔ ریاست میں مینوفیکچرنگ اور خدمات کے شعبوں کو تقویت پہنچانے کیلئے نئی صنعتی پالیسی پر عمل کیا جارہا ہے۔ نئی پالیسی کو دنیا بھر میں زبردست پذیرائی ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں نافذ العمل اختراعی صنعتی پالیسی سے نہ صرف تلنگانہ میں عوامی اثاثہ جات میں اضافہ ہورہا ہے بلکہ ملک کی ترقی میں مدد مل رہی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بیروزگاروں اور محنت کش طبقہ کی فلاح و بہبود کے مقصد کے تحت ریاستی حکومت کے اقدامات سے لاکھوں نوجوانوں کو راست اور بالراست طور پر روزگار کے مواقع حاصل ہوئے ہیں۔ر