الیکٹرک وہیکل اور اسکراپ پالیسی متعارف، 8 ہزار سے زائد الیکٹرک بسوں کا اضافہ
حیدرآباد۔/31 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے دعویٰ کیا ہے کہ 2024 کے دوران محکمہ ٹرانسپورٹ نے کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ سال نو کے موقع پر گذشتہ ایک سال میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی کارکردگی کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ ایک سال میں الیکٹرک وہیکل پالیسی اور قدیم گاڑیوں کیلئے اسکراپ پالیسی متعارف کی گئی ہے۔ حکومت نے ٹریفک قواعد پر سختی سے عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے خلاف ورزی کی صورت میں ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے وعدہ کے مطابق آر ٹی سی میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے تحت ابھی تک 125.50 کروڑ خواتین نے مفت سفر کی سہولت سے استفادہ کیا اور انہیں 4225 کروڑ کی بچت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دس برسوں میں آر ٹی سی کی ترقی اور استحکام کو نظرانداز کردیا گیا تھا تاہم کانگریس حکومت نے نئی بسوں کی خریدی کے علاوہ الیکٹرک بسوں کی تعداد میں اضافہ کیا ہے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ 2024 میں پرجا پالنا کے تحت آر ٹی سی نے کئی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ آر ٹی سی میں 113 جائیدادوں پر تقررات کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا اور 112 ملازمین کے تقررات مکمل کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ کے ذریعہ 63 ٹرانسپورٹ کانسٹبلس کی جائیدادوں کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا ان میں سے 54 ٹرانسپورٹ کانسٹبلس کے تقررات مکمل کرلئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ آر ٹی سی میں گروپ 4 کے تحت 10 جونیر اسسٹنٹس کی جائیدادوں پر تقررات عمل میں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 15 مارچ 2024 کو تلنگانہ کی گاڑیوں کیلئے رجسٹریشن کوڈ TS کو TG میں تبدیل کیا گیا۔ تلنگانہ میں گاڑیوں کی منفرد شناخت کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ ایک سال میں 804255 گاڑیوں کا رجسٹریشن TG کے ذریعہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک وہیکل پالیسی کے تحت جی ایچ ایم سی کے حدود میں ہر سال 5 لاکھ گاڑیوں میں اضافہ کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ الیکٹرک وہیکل پالیسی کے آغاز کے بعد 16 نومبر سے 30 ڈسمبر تک 8497 الیکٹرک گاڑیوں کو حاصل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی کے مسافرین کی تعداد میں 6 تا 8 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کی حوصلہ افزائی کیلئے خریدی گئی گاڑیوں کے رجسٹریشن فیس اور روڈ سیس میں صدفیصد رعایت کے احکامات جاری کئے ہیں۔31 ڈسمبر 2026 تک تلنگانہ میں یہ پالیسی نافذ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں 296 کروڑ کے خرچ سے آٹو میٹیڈ ٹسٹنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آر ٹی سی ملازمین کی بھلائی کیلئے حکومت نے کئی اسکیمات شروع کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یکم اپریل سے ڈرنک اینڈ ڈرائیو مہم کے تحت 4577 ڈرائیونگ لائسنس کو منسوخ کیا گیا ہے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ تلنگانہ میں نئی روٹس پر آر ٹی سی کی خدمات کا آغاز کیا گیا ہے۔ ملازمین اور ریٹائرڈ ملازمین کیلئے اسکیمات متعارف کئی گئیں تاکہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی انہیں بینفٹس حاصل ہوں۔1