سائبر آباد پولیس کمشنریٹ کا اعلیٰ سطحی اجلاس ، کمشنر اسٹیفن رویندرا کا خطاب
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : جدید ٹکنالوجی سے ہم آہنگ اور ہر آئے دن عصری آلات کا استعمال کرنے والی سائبر آباد پولیس نے اب اپنے قدیم طریقہ کار کو دوبارہ رائج کرنے کا فیصلہ کیا ہے ! جرائم پر قابو پانے کے لیے جہاں ہر دن نئے ٹکنالوجی کو استعمال میں لایا جارہا ہے تو وہیں اب جرائم پر قابو پانے کے لیے قدیم طریقہ کار کی اہمیت سے استفادہ کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بار بار اور زیادہ جرائم پیش آنے والے واقعات میں اب ’ کاپی سسٹم ‘ کو رائج کیا جائے گا ۔ حالانکہ ایک عرصہ دراز تک اس طریقہ کار پر عمل ہوا کرتا تھا اور بستی محلہ میں کسی ایک مقام یا پھر ذمہ دار شہری کے گھر میں کاپی ہوا کرتی تھی ۔ پٹرولنگ کے لیے آنے والے پولیس عملہ کو اس کاپی میں دستخط اور جائزہ کے متعلق درج کرنا ہوتا تھا اور شہریوں میں بھی اس بات کا اطمینان رہتا تھا کہ پٹرولنگ کا عملہ فلاں وقت بستی یا محلہ میں گشت کرے گا ۔ تاہم وقت کے ساتھ اس طریقہ کار کو بھلا دیا گیا تھا ۔ ایک اجلاس میں سائبرآباد پولیس کمشنر اسٹیفن رویندرا نے اس بات کا اشارہ دیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کاپی طریقہ کار کو دوبارہ رائج کریں اور ایسے علاقوں پر توجہ مرکوز کریں جہاں جرائم زیادہ اور بار بار پیش آتے ہیں ۔ سائبر آباد پولیس کمشنریٹ حدود میں آج ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا ۔ اس اجلاس میں جرائم کی روک تھام اور جرائم پر قابو پانے کے لیے اقدامات کے علاوہ سزا کے فیصد میں اضافہ پر اقدامات کے لیے زور دیا گیا ۔ لوک عدالت میں زیادہ سے زیادہ مقدمات کی یکسوئی کے علاوہ کورٹ ڈیوٹی اسٹاف سے تال میل پر توجہ کی ہدایت دی گئی ۔ بچوں اور خواتین پر مظالم کے واقعات پر سنجیدہ اور سخت اقدامات کے ساتھ ساتھ ایس سی ، ایس ٹی و دیگر سنگین مقدمات کو کارروائی میں تیزی پیدا کرنے کی کمشنر نے ہدایت دی اور ساتھ ہی ایسے مقدمات میں اندرون 60 دن چارج شیٹ کو داخل کرنے کے علاوہ مجرموں کو یقینی سزا کے اقدامات پر زور دیا گیا ۔ کمشنر پولیس نے ماتحت عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ پیشہ وار مجرمین ، ہسٹری شیٹرس ، روڈی شیٹرس پر سخت نظر رکھیں ۔ اور ان کی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے رہیں ۔ انہوں نے قدیم مقدمات کی یکسوئی کے لیے درکار ایف ایس ایل رپورٹ میں تاخیر کے مسئلہ کو حل کریں اور ایف ایس ایل عہدیداروں سے رابطہ قائم کریں ۔ انہوں نے فنکشنل ورٹکلس کی عمل آوری میں حالیہ دنوں سائبر آباد پولیس کی ستائش اور کارنامہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے بہترین اقدامات و کارروائی کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے ویزائبل پولیسنگ اور پروایکٹیو پولیسنگ کے طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے ہجومی مقامات اور چوراہوں پر دستیاب رہنے کی ہدایت دی ۔ اس اجلاس میں جوائنٹ کمشنر پولیس سائبر آباد اویناش موہنتی ، ڈی سی پی کرائم کملیشور سنگانور ، ٹریفک ڈی سی پی سرینواس راؤ ، سائبر کرائم اے ایس پی رستی راج ، ڈی سی پی بالا نگر سندیپ و دیگر عہدیداروں کے علاوہ سائبر آباد پولیس کمشنریٹ کے انسپکٹراں پولیس موجود تھے ۔۔ ع