مختلف مسائل پر سوالات اور حضورؐ کے جوابات جناب محمد عبدالرحیم کی معلوماتی انگریزی کتاب

   

مبصر محمد ریاض احمد
Answers by Prophet MUHAMMAD (PBUH) : A Ready Reckoner

اللہ عز و جل کسی بندہ پر رحم کرنا چاہتے ہیں تو اسے علم کی دولت عطا کرتے ہیں، اُس کی سوچ و فکر کو پاکیزہ تصور و خیالات سے سنوارتے ہیں۔ اس کی دانائی و بینائی باالفاظ دیگر حکمت و بصیرت جیسی خوبیوں میں اضافہ کرتے ہوئے اس کے قلم کو اس کی تحریروں اور اس کے تبصروں اس کی تقاریر کو انسانیت کیلئے فائدہ بخش بناتے ہیں اور اسے ایسے کام کیلئے منتخب کرلیتے ہیں جس کا راست تعلق اللہ کے کلام قرآن مجید اور پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے کلمات یعنی احادیث مبارکہ سے ہوتا ہے۔ موجودہ دور میں نئی نسل کو دین سمجھانے کیلئے انگریزی زبان کا استعمال بہت ضروری ہوگیا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ آج کل کی نسل انگریزی میڈیم اسکولس، کالجس اور یونیورسٹیز میں پڑھتی ہے، ایسے میں ان تک انگریزی میں دین کا پیغام پہنچایا جاتا ہے تو وہ سمجھ بھی سکتے ہیں اور اس پر عمل کرتے ہوئے دوسروں کو نیکی کی جانب راغب بھی کرسکتے ہیں چنانچہ نوجوان نسل تک پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث مبارکہ پہنچانے کیلئے جناب محمد عبدالرحیم نے بہت خوب کوشش کی ہے۔ محمد عبدالرحمن مرحوم اور ملکہ رحمن کے اس نورِ نظر نے جو دوردرشن سے بحیثیت اسسٹنٹ انجینئر ریٹائرڈ ہوئے، نئی نسل کیلئے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث مبارکہ اور اس کے خلاصہ کو انگریزی زبان میں ایک خوبصورت بلکہ بابرکت کتاب کی شکل میں پیش کیا ہے۔ زیرتبصرہ کتاب Answers By Prophet MUHAMMAD(PBUH) ، A Ready Reckoner ۔ کے بارے میں راقم الحروف آپ کو یہ بتانا چاہے گا کہ یہ کتاب مولف محمد عبدالرحیم کی 12 سالہ طویل تحقیق کا نتیجہ ہے، اس کیلئے انہوں نے 90 کتب کا بغور مطالعہ کیا۔ کئی مفسرین و مترجمین قرآن کی تفاسیر اور ترجموں سے استفادہ کیا جس میں عبداللہ یوسف علی، ڈاکٹر محمد تقی الدین الہلیلی، ڈاکٹر محسن خاں کے انگریزی تراجم و تفاسیر اور علامہ شبیر احمد عثمانی کی تفسیر (اس تفسیر کے انگریزی ترجمہ) شامل ہیں۔ قرآن مجید میں اللہ عزوجل نے جہاں اپنے بندوں کو پچھلی اُمتوں کے عبرتناک واقعات کے ذریعہ نیکی، راست بازی، سچائی، دیانت داری، ایمانداری، اپنی وحدانیت اپنے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت و اطاعت کا پیغام دیا، وہیں قرآن پاک کو تمام علوم کا منبع و مرکز بناکر اپنے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم پر نازول کیا۔ اس طرح اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی احادیث کے ذریعہ انسانوں کی قدم قدم پر رہنمائی کی،زندگی کا سلیقہ، آخرت کی تیاری سکھائی، انسانی حقوق کے تحفظ کا درس دیا۔ دوستوں، رشتہ داروں اور پڑوسیوں کے حقوق کی اہمیت و افادیت سے واقف کروایا۔اللہ عز و جل نے جہاں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو سارے جہانوں کیلئے رحمت بناکر بھیجا، وہیں آپؐ معلم انسانیت بھی ہیں، اس کتاب میں جس کا پرکشش سرورق پہلی نظر میں ہی دیکھنے والوں کو اپنی جانب کھینچ لیتا ہے، محمد عبدالرحیم نے خاص طور پر انگریزیں داں نوجوان مرد و خواتین کو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث مبارکہ اور ان کے معنی و مطالب سے واقف کروانے کیلئے ایک ایسے کلاس روم کا تصور اپنایا ہے، جہاں معلم انسانیت، دنیا و آخرت سے متعلق تمام مسائل کا حل بتا رہے ہیں، جہاں صحابہ، صحابیات، یہود و نصاریٰ کے سوالات کے جوابات دے رہے ہیں۔ آیات قرآنی سے متعلق پوچھے گئے بے شمار سوالات کے حضورؐ کی جانب سے دیئے گئے جوابات بھی اس کتاب میں موجود ہیں اور ایسے جوابات سے بھی آپ کو واقف ہونے کا موقع نصیب ہوگا جو بذریعہ وحی آپؐ تک پہنچائے گئے۔ زیرتبصرہ کتاب میں صحابہ کرامؓ کی جانب سے وضاحت کیلئے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھے گئے سوالات اور اس کے جوابات بھی تشریح و توضیح کے ساتھ پیش کئے گئے ہیں۔ محمد عبدالرحیم نے اپنی اس تالیف میں خود حضورؐ کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات اور آپؐ کی جانب سے ہی دیئے گئے جواب بھی پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ہے۔ ساتھ ہی قرآن پاک میں جو سوالات ہیں، اس کے جواب بھی پیش کئے گئے ہیں تاکہ مختلف مسائل پر قرآن و حدیث کے مطابق جواب حاصل ہوں۔ جناب محمد عبدالرحیم کی اس سے قبل ایک انگریزی کتاب Similitudes in the Holy Qur’an (امثالات قرآن مجید) منظر عام پر آچکی ہے جبکہ زیرتبصرہ کتاب 780 صفحات پر مشتمل ہے جس کا پیش لفظ انگریزی کے ممتاز صحافی و ادیب جناب جے ایس افتخار نے لکھا ہے۔ جے ایس افتخار، جناب نوید صدیقی اور ان کی اہلیہ محترمہ سمیرہ ثنائی نے اس کتاب کو بہتر انداز میں ایڈیٹ کیا اور بہتر سے بہتر تصحیح میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی۔ اصفیہ حامد کا بھی تعاون حاصل رہا۔ جبکہ جناب محمد عبدالرحیم کی اہلیہ بشریٰ رحیم اور دختران روبینہ رحیم ، سارہ رحیم ، اقراء رحیم اور حفصہ رحیم کا تعاون بھی غیرمعمولی رہا۔ ووڈن ورڈس پبلیشرس او پی سی پرائیویٹ لمیٹیڈ نے اس کتاب کو شائع کیا ہے جبکہ مسیح الرحمن کا لے آؤٹ دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔ اس کتاب کے دیدہ زیب سرورق کا ڈیزائن پاکستان کے عین علی نے تیار کیا ہے۔ یہ کتاب دفتر روزنامہ سیاست، ہمالیہ بک ڈپو ، ہدیٰ پبلیکیشن، پرانی حویلی، دکن پین اسٹورس عابڈس اور گرین لینڈس امیرپیٹ امیزان E-Kindled پر دستیاب ہے۔ مولف محمد عبدالرحیم سے فون نمبر 9849697001 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔