مدرسہ سروس کمیشن میں بھی بدعنوانی

   

ایک امیدوار کی جوابی کاپی کی فارنسک جانچ کی ہدایت
کولکاتا : اسکول سروس کمیشن کے ذریعہ اساتذہ کی تقرری اور ٹی ای ٹی (پرائمری اساتذہ کے عہدوں میں بھرتی کیلئے اہلیتی امتحان) میں بدعنوانی جس کی جانچ سی بی آئی کررہی ہے کے بعد مدرسہ سروس کمیشن کے ذریعہ اساتذہ کی تقرری میں بدعنوانی کی شکایات سامنے آئی ہے ۔ایک امیدوار نے جوابی پرچہ (او ایم آر شیٹ) کو منسوخ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے عدالت سے رجوع کیاہے ۔امیدوار نے الزام لگایا کہ جوابی پرچہ اس کے بجائے کسی اور نے لکھا ہوا جمع کیا گیا ہے ۔ کلکتہ ہائی کورٹ کے جسٹس ابھیجیت گنگوپادھیائے نے جمعہ کو سنٹرل فارنسک لیبارٹری (سی ایف ایس ایل) کے ڈائریکٹر اور فارنسک لیبارٹری کے ذریعہ جانچ کرانے کی ہدایت دی ہے ۔مدرسہ سروس کمیشن کا دعویٰ ہے کہ امیدوار کی جوابی پرچہ (او ایم آر شیٹ) غلطی کی وجہ سے منسوخ کیا گیاہے ۔ لیکن امتحان دینے والے نے شکایت کی کہ اس نے صحیح جواب د یا تھا۔ درخواست گزار نے دعویٰ کیا کہ اسے آر ٹی آئی (رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ) کے ذریعے معلوم ہوا کہ جوابی پرچہ میں کسی اور قلم کی سیاہی کا استعمال کیا گیا ہے ۔ امتحان دینے والے نے کالے قلم جوابی شیٹ پر لکھا تھا۔