حیدرآباد ۔ 17 ستمبر (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے کیمپن کمیٹی چیرمین مدھو یاشکی گوڑ کو منوگوڑ میں حکمت عملی اور انتخابی مہم کمیٹی کے کنوینر کے پوسٹ سے ہٹادیا ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ اے آئی سی سی کی جانب سے 2 اگست کو مدھویاشکی گوڑ کو کیمپن کمیٹی کنوینر مقرر کیا گیا تھا۔ اس کمیٹی کے دوسرے ارکان میں رام ریڈی دامودر ریڈی، بلرام نائیک، ڈی انا سویا، انجن کمار یادو، ایس اے سمپت کمار اور ای انیل کمار شامل ہیں۔ تاہم اے آئی سی سی نے مدھویاشکی گوڑ کو اس عہدہ سے ہٹادیا اور منوگوڑ میں اسٹریٹیجی اینڈ کیمپن کمیٹی کنوینر کے طور پر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر رام ریڈی دامودر ریڈی کو مقرر کرنے کی تجویز کو فوری طور پر منظوری دی۔ تلنگانہ کانگریس امور کے انچارج مانکیم ٹیگور نے اس سلسلہ میں ایک بیان جاری کیا ہے۔ مدھویاشکی نے کہا کہ ان سے مشاورت کئے بغیر انہیں اس عہدہ پر مقرر کرنا ایک غلطی تھی کیونکہ وہ پہلے ہی ٹی پی سی سی کیمپن کمیٹی میں ایک پوسٹ رکھتے ہیں جو ریاستی سطح کا عہدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’مجھے علم میں لائے بغیر وہ مجھے ایک سنگل حلقہ کی اسٹریٹیجی اینڈ کیمپن کمیٹی کا کنوینر کس طرح مقرر کرسکتے ہیں؟ یہ توہین کے سواء کچھ نہیں ہے۔ اس کے علاوہ ریونت ریڈی مجھ سے صلاح و مشورہ کئے بغیر منوگوڑہ میں اختیار کی جانے والی حکمت عملی سے متعلق فیصلہ کررہے ہیں۔ آج بھی میں اس پوسٹ سے مجھے ہٹادینے کے بارے میں نہیں جانتا ہوں کیونکہ کسی نے بھی مجھ سے مشورہ نہیں کیا ہے۔ اس طرح کے یکطرفہ فیصلوں کی وجہ پارٹی کو ووٹ کا نقصان ہوگا‘‘۔