مدھیہ پردیش میں ایس آئی آر مسودہ فہرست جار ی

   

Ferty9 Clinic

گووندپورہ اسمبلی حلقہ سے 97 ہزار سے زائد ووٹروں کے نام خارج

بھوپال۔25؍ڈسمبر (ایجنسیز) مدھیہ پردیش میں اسپیشل انٹینسِو ریویژن (ایس آئی آر) کی ڈرافٹ ووٹر لسٹ جاری ہونے کے بعد یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ ریاست کے کن اسمبلی حلقوں سے سب سے زیادہ ووٹروں کے نام فہرست سے خارج کیے گئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق بھوپال کی گووندپورہ اسمبلی سیٹ سے سب سے زیادہ 97 ہزار 52 ووٹروں کے نام حذف کیے گئے ہیں جو پوری ریاست میں سب سے بڑی تعداد ہے۔گووندپورہ اسمبلی سیٹ بی جے پی کا مضبوط گڑھ سمجھی جاتی ہے جہاں سے مرحوم سابق وزیر اعلیٰ بابولال گور مسلسل منتخب ہوتے رہے، جبکہ اس وقت یہ سیٹ ان کی بہو اور ریاستی وزیر کرشنا گور کی نمائندگی میں ہے۔ انتخابی کمیشن کی ایس آئی آر ڈرافٹ رپورٹ کے ابتدائی تجزیہ سے یہ انکشاف سامنے آیا ہے۔ڈرافٹ فہرست کے مطابق مدھیہ پردیش کی 230 اسمبلی سیٹوں میں سے 23 سیٹوں پر 35 ہزار سے لے کر 97 ہزار تک ووٹروں کے نام خارج کیے گئے ہیں۔ ان 23 حلقوں سے مجموعی طور پر 13 لاکھ 9 ہزار 648 ووٹروں کے نام فہرست سے ہٹائے گئے ہیں۔ ان میں سے 18 اسمبلی سیٹیں بی جے پی کے ارکانِ اسمبلی یا وزرا کی ہیں جن میں وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو سمیت پانچ وزرا شامل ہیں۔
گووندپورہ کے بعد اندور کی اسمبلی سیٹ نمبر 5 کا ہے جہاں سے سب سے زیادہ نام کاٹے گئے جہاں بی جے پی کے مہندر ہاردیا رکن اسمبلی ہیں۔ یہاں 87 ہزار 591 ووٹروں کے نام حذف ہوئے۔ سب سے کم نام نیمچ ضلع کی مانسا اسمبلی سیٹ سے کاٹے گئے جہاں صرف 5 ہزار 485 ووٹروں کے نام خارج کیے گئے ہیں۔وزرا کے حلقوں میں بھی ووٹر لسٹ میں نمایاں کٹوتی سامنے آئی ہے۔ نریلا اسمبلی سیٹ (وزیر وشواس سارنگ) سے 81 ہزار 235، اندور۔1 (وزیر کیلاش وجے ورگیہ) سے 75 ہزار 14 اور گوالیار سیٹ (وزیر پردیومن سنگھ) سے 55 ہزار 653 ووٹروں کے نام ہٹائے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کی اسمبلی سیٹ سے 37 ہزار 728 نام حذف ہوئے ہیں جبکہ کانگریس رہنما کمل ناتھ کی چھندواڑہ سیٹ سے 21 ہزار 981 نام نکالے گئے ہیں۔