بھوپال: مدھیہ پردیش کے دو مقامات پر فرقہ وارانہ کشیدگی کے واقعات پیش آئے۔ ایک مقام پر کچھ شرپسندوں نے ایک چرچ کو آگ لگا دی۔ یہ واقعہ بی جے پی زیر اقتدار ریاست میں نرمداپورم ضلع کے چوکی پورہ گاؤں میں پیش آیا۔ اس گاؤں میں زیادہ تر قبائلی آباد ہیں۔ اتوار کی آدھی رات کو کچھ نامعلوم افراد اس چرچ میں کھڑکی کے ذریعہ گھس گئے اور اندر کی کچھ چیزوں کو آگ لگائی۔ کچھ اور چیزیں تباہ ہوگئیں۔ چرچ کی اندرونی دیواروں پر ہندی میں ’رام ‘ لکھا ہوا ہے۔ پیر کی صبح مقامی لوگوں کو اس واقعہ کا پتہ چلا اور پولیس میں شکایت درج کرائی۔ جس کے نتیجے میں مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات کی جارہی ہیں۔دوسرا واقعہ پیر کو ضلع کھنڈوا میں پیش آیا۔ کچھ لوگ زبردستی ایک مسلمان کے گھر میں گھس گئے۔ اس گھر میں ہنومان کی مورتی رکھی گئی جس سے دونوں گروپوں میں تصادم ہوگیا۔ پولیس نے وہاں پہنچ کر لاٹھی چارج کرکے ہجوم کو منتشر کردیا۔ اس موقع پر پتھراؤ سے چار پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ اب تک پانچ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ہندو لیڈر روی اواد اس مرکزی ملزم ہے۔