مدھیہ پردیش کے ایک مشہور ڈکٹر کی علاج کیلئے حیدرآباد منتقلی

   

حکومت نے ایر ایمبولنس کا انتظام کیا
حیدرآباد: مدھیہ پردیش کے ایک مشہور ڈاکٹر کو جو کورونا کے مریضوں کے علاج میں سرگرم تھے، اچانک طبیعت بگڑنے پر ایر ایمبولنس کے ذریعہ حیدرآباد منتقل کیا گیا ۔ مدھیہ پردیش حکومت نے مشہور پلمنالوجسٹ ڈاکٹر ستیندر مشرا کو ایر ایمبولنس کے ذریعہ حیدرآباد روانہ کیا تاکہ بہتر علاج ہوسکے۔ 37 سالہ ڈاکٹر مشرا کورونا مریضوں کے علاج کے دوران خود وائرس کا شکار ہوگئے اور مدھیہ پردیش میں علاج کے دوران ان کی حالت کافی بگڑ گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈاکٹر مشرا کی حالت تشویشناک ہے اور وائرس نے ان کے پھیپھڑوں کو بری طرح متاثر کردیا ہے۔ مدھیہ پردیش حکومت کی خواہش پر ڈاکٹر مشرا کو یشودھا ہاسپٹل سکندرآباد میں شریک کیا گیا جہاں وہ وینٹی لیٹر پر ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ آکسیجن کا لیول بھی گھٹ رہا ہے۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ علاج کے آغاز کے بعد طبیعت میں کسی قدر سدھار ہوا اور علاج کا بہتر نتیجہ برآمد ہوا تو جاریہ ہفتہ کے اختتام تک وینٹی لیٹر ہٹادیا جائے گا۔ ڈاکٹرس نے مجموعی حالت کو مستحکم قرار دیا ہے ۔ ڈاکٹر مشرا کے علاج کے لئے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔