مدینہ منورہ بس سانحہ کے متاثرہ خاندانوں میں ایکس گریشیا چیکس کی تقسیم

   

محمد اظہر الدین نے چیکس حوالے کئے، حکومت کے اقدامات کی ستائش
حیدرآباد۔ 10 جون (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین نے مدینہ منورہ کے قریب پیش آئے بس حادثہ میں فوت ہونے والے حیدرآبادی عمرہ زائرین کے پسماندگان میں ایکس گریشیا کے چیکس تقسیم کئے۔ حکومت کی جانب سے فی کس 5 لاکھ روپے ایکس گریشیا کا اعلان کیا گیا تھا اور بیشتر متاثرہ خاندانوں کو چیکس پہلے ہی حوالے کئے گئے۔ ایسے متاثرہ خاندان جنہیں بعض وجوہات کے سبب چیک جاری نہیں کئے گئے انہیں آج اظہر الدین نے چیک حوالے کیا۔ اس موقع پر صدر نشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ، رکن اسمبلی ماجد حسین، سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ اور حج کمیٹی کے عہدیدار موجود تھے۔ محمد اظہر الدین نے مرحوم محمد جعفر اور مرحوم شیخ سراج کے افراد خاندان کو ایکس گریشیا کا چیک حوالے کیا۔ اظہر الدین نے واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 3 رکنی وفد کو مدینہ منورہ روانہ کیا تھا تاکہ تدفین کے انتظامات کئے جاسکیں۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے مہلوکین کے افراد خاندان کو بھی مدینہ منورہ لے جایا گیا جہاں انہوں نے نعشوں کی شناخت اور تدفین میں حکام سے تعاون کیا۔ محمد اظہر الدین نے کہا کہ تلنگانہ حکومت متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکنہ مدد کے لئے تیار ہے۔ پسماندگان کے رشتہ داروں نے حکومت اور وزیر اقلیتی بہبود سے اظہار تشکر کیا۔ 1؍F