مذہبی شخصیتوں کے ذریعہ حکومت کا زوال ممکن نہیں: کشن ریڈی

   


کے سی آر کے جاری کردہ ویڈیو میں کوئی ثبوت نہیں، برسر خدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کا مطالبہ
حیدرآباد ۔4 ۔ نومبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے ٹی آر ایس ارکان اسمبلی خریدی معاملہ میں چیف منسٹر کے سی آر کے موقف کو کھودا پہاڑ نکلا چوہا کے مترادف قرار دیا۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے میڈیا کے نمائندوں کے روبرو ویڈیو جاری کرتے ہوئے بی جے پی پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویڈیو میں کہیں بھی اس بات کا ثبوت نہیں ہے کہ کے سی آر حکومت کو گرانے کی کوشش کی جارہی ہو۔ انہوں نے سوال کیا کہ ٹی آر ایس حکومت کیا اس قدر کمزور ہوچکی ہے کہ اسے زوال سے دوچار کیا جاسکے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ یہ ساری کہانی کے سی آر کی تیار کردہ ہے ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ مذہبی شخصیتوں سے کیا کسی حکومت کو گرایا جاسکتا ہے ؟ انہوں نے کہا کہ جن ارکان اسمبلی پر کے سی آر فخر کر رہے ہیں، ان میں سے تین کس پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے ، عوام اچھی طرح جانتے ہیں۔ کے سی آر کو جمہوریت کے بارے میں لب کشائی کا اخلاقی حق نہیں ہے۔ انہوں نے تلگو دیشم اور کانگریس کے کئی ارکان اسمبلی کو ٹی آر ایس میں شمولیت کی ترغیب دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروکرس کے ذریعہ قائدین کو خریدنا دراصل ٹی آر ایس کی عادت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ہائی کمان ان سے تلنگانہ کے امور پر ربط میں ہیں۔ کشن ریڈی نے کہا کہ ارکان اسمبلی خریدی معاملہ سے بی جے پی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ ہمیں مذہبی شخصیتوں کے ذریعہ دوسری جماعتوں کے ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ بی جے پی اپنے اصولوں پر کاربند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس سربراہ فارم ہاؤز میں بیٹھ کر حکومت چلا رہے ہیں اور انہیں عوام سے ملاقات کی عادت نہیں ہے ۔ فارم ہاؤز کے واقعہ پر جاری کردہ ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ اس ویڈیو میں ایسا کچھ نہیں کہ بی جے پی کو نشانہ بنایا جاسکے۔ کشن ریڈی نے اس معاملہ کی برسر خدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ر