مرادآباد۔ 22 جون (یو این آئی) اتر پردیش کے مرادآباد میں مبینہ تبدیلی مذہب کے الزامات پرمختلف ہندو تنظیموں نے پیر کو کلکٹریٹ احاطے میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ بجرنگ دل کے میٹروپولیٹن کنوینر راجیو ٹھاکر کی قیادت میں کارکنوں نے ضلع مجسٹریٹ (ڈی ایم) کے دفتر پہنچ کر انتظامی حکام کو ایک میمورنڈم سونپا اور مجرموں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ علاقہ میں لوگوں کو بہلا پھسلا کر اور دباؤ ڈال کر ان کا مذہب تبدیل کرایا جا رہا ہے ۔ بجرنگ دل کے میٹروپولیٹن کنوینر راجیو ٹھاکر کا دعویٰ ہے کہ لائن پار علاقے میں اب تک 100 سے زائد لوگوں کا مبینہ طور پر مذہب تبدیل کرایا جا چکا ہے ۔ اس معاملے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور ان کی فوری گرفتاری کے مطالبے کو لے کر کارکنوں نے کلکٹریٹ احاطے میں جم کر نعرے بازی کی اور اپنا احتجاج درج کرایا۔ مظاہرہ کے دوران کلکٹریٹ احاطے میں کچھ دیر کے لیے افراتفری کی صورتحال بنی رہی۔ بڑی تعداد میں جمع ہوئے کارکنوں نے ڈی ایم دفتر میں سونپے گئے میمورنڈم کے ذریعہ پورے معاملے کی غیر جانبدارانہ جانچ کرانے اور مجرموں کے خلاف سخت قانونی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔