رباط : مراقش میں شادی کی تقریب کے کھانے سے 152 افراد متاثر ہوگئے۔ ادارہ پراسیکیوشن نے زہرخورانی کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔عکاظ کے مطابق مراکش کے صوبے’الجدیدہ‘ میں شادی کی تقریب میں مدعو مہمانوں کی حالت اس وقت بگڑنا شروع ہوئی جب انہوں نے مرغی کے گوشت سے بنی ایک مخصوص علاقائی ڈش کھائی۔مہمانوں میں سے بعض لوگوں کی طبیعت کھانا کھاتے ہی خراب ہونا شروع ہو گئی جنہیں قے، پیٹ میں شدید درد اور موشن کی شکایت تھی۔جن مہمانوں کی طبیعت کافی خراب تھی انہیں شادی ہال سے براہ راست ہسپتال منتقل کردیا گیا۔مہمانوں کی حالت مزید بگڑ جانے پر میزبان نے ہنگامی امدادی سنٹر کوکال کر دی تاکہ مدد طلب کی جاسکے ۔امدادی یونٹس نے متاثرہ افراد کو علاقے کے مختلف طبی مراکز میں منتقل کیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ کئی کو حالت قدرے بہتر ہونے پر ہسپتال سے فارغ کردیا گیا۔