مرکز سے آر پار کی لڑائی کا اعلان لیکن ناکام حیدرآباد واپس

   

ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ پر ہنمنت راؤ کی تنقید، عوام سے گھیراؤ کرنے کی اپیل
حیدرآباد۔/8ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے الزام عائد کیا کہ کسانوں کے مسئلہ پر مرکز سے آر پار کی لڑائی کا اعلان کرنے والے ٹی آر ایس ارکان ناکام واپس ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو جھکانے کا اعلان کرنے والے ٹی آر ایس ارکان خود اپنی گردن جھکاکر حیدرآباد واپس ہوگئے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ سے سوال کیا کہ دہلی میں ایک ہفتہ کے احتجاج کے دوران کیا حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کا اضلاع کے دورہ کا اعلان باعث شرم ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اضلاع کے دورہ پر آنے والے ارکان پارلیمنٹ کا گھیراؤ کریں اور ان سے سوال کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کسانوں کی زندگی سے کھلواڑ کررہے ہیں۔ ریاستی حکومت نے آج تک دھان کی خریدی سے متعلق واضح تیقن نہیں دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی کسانوں کے حق میں اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پراجکٹس کی تعمیر کے نام پر کسانوں سے اراضی کے حصول اور دیگر مسائل پر 10 ڈسمبر کو اندرا پارک پر احتجاج منظم کیا جائیگا۔ر