مرکزی حکومت، تلنگانہ کی ترقی روک رہی ہے : سکھیندر ریڈی

   


حیدرآباد ۔ 26 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کے چیرمین جی سکھیندر ریڈی نے الزام عائد کیا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت ریاست تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹیں پیدا کررہی ہے۔ کل نلگنڈہ میںان کے کیمپ آفس پر ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے سکھیندر ریڈی نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے جس کیلئے اس کے قائدین سازشیں رچ رہے ہیں۔ دوسری جماعتوں کے قائدین کے خلاف شخصی حملے کرنے کا بی جے پی قائدین پر الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست میں اس طرح کے رجحانات بہت خطرناک ہیں۔ سکھیندر ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کیلئے فنڈس میں کمی کرتے ہوئے مرکز وفاقی نظام کو متاثر کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات مضحکہ خیز ہیکہ بی جے پی تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ ڈال رہی ہے لیکن ریاست میں ووٹ طلب کررہی ہے۔