نئی دہلی، 20 مئی (یو این آئی) عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے سابق وزیر اعلی اروند کجریوال نے منگل کو 75 سالہ مرکزی دھارے کی سیاست کو تمام مسائل کی جڑ قرار دیتے ہوئے متبادل سیاست کی وکالت کی جس میں ترقی اور محبت کی سیاست ہونی چاہیے ۔ کجریوال نے آج یہاں پارٹی کے طلبہ ونگ ایسوسی ایشن آف اسٹوڈنٹس فار الٹرنیٹو پولیٹکس (اے ایس پی اے ) کے آغاز کے موقع پر مرکزی دھارے اور متبادل سیاست کے درمیان فرق کی وضاحت کرتے ہوئے بی جے پی اور کانگریس پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی دھارے کی سیاست سے جڑے لیڈروں کے بچے بیرون ملک پڑھتے ہیں، وہیں یہاں وہ 24 گھنٹے ہندو مسلم مسئلہ اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو تعلیم، روزگار، ہسپتالوں سے متعلق بہت سے مسائل کا سامنا ہے اور ان کی جڑ آج کی سیاست ہے ، گزشتہ 75 سال سے جو سیاست چل رہی ہے وہ تمام مسائل کی جڑ ہے ، ہماری زندگی کا ہر مسئلہ سیاست سے جڑا ہوا ہے۔ ہر کام میں سیاست ہوتی ہے ، سب کو سیاست کا حصہ بننا ہو گا اور سمجھنا ہو گا کہ قومی دھارے کی سیاست ہی تمام مسائل کی جڑ ہے ۔ کجریوال نے کہاکہ ہم نے دہلی میں جس طرح کی سیاست کی اسے متبادل سیاست کہا جاتا ہے ۔
ہم نے جو شاندار اسکول بنائے تھے وہ اب برباد ہورہے ہیں۔ ہم نے ایجوکیشن مافیا کو تباہ کردیا تھا لیکن نئی حکومت کے قیام کے تین ماہ کے اندر اسکولوں کی فیسوں میں اضافہ کردیا گیا ہے ۔ اسکولوں کے باہر باؤنسر لگائے گئے ہیں اور پرائیویٹ اسکول من مانی طریقے سے کام کررہے ہیں۔ ہم نے دہلی میں متبادل سیاست شروع کی تھی، اب بجلی کمپنیو کی من مانی چلنے لگی اور بجلی کی کٹوتی میں اضافہ ہوا ہے ۔