نئی دہلی : حکومت نے مزید 47 چینی ایپس پر پابندی عائد کردی ہے جس کے ساتھ ملک کے اقتدار اعلیٰ ، سالمیت اور دفاع کے لئے ممکنہ طورپر مضرت رساں سمجھے جانے والے ممنوعہ موبائیل اپلی کیشنز کی جملہ تعداد 106 ہوگئی ہے ۔ حکومتی ذرائع نے بتایا کہ مزید 47 چینی ایپس جن پر امتناع عائد کیا گیا ہے ، وہ پہلے ممنوعہ قرار دیئے گئے ایپس کے کلونس یا اُن کی مختلف شکلیں ہیں ۔ اس ضمن میں حکم نامہ جمعہ کو جاری کیا گیا ۔ اس تبدیلی سے واقف ذریع نے کہا کہ مزید 47 ایپس کی فہرست فوری طورپر دستیاب نہیں ہوئی اور اس معاملے پر ابھی کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے ۔ قبل ازیں 29 جون کو حکومت نے 59 چینی ایپس پر امتناع عائد کرتے ہوئے کہاتھا کہ وہ ملک کے مجموعی مفادات کے لئے نقصاندہ ثابت ہوسکتے ہیں ۔ دریں اثناء انڈیا میں پب جی (PUBG)ایپ پر بھی امتناع زیرغور بتایا گیا ہے ۔ ذرائع نے کہاکہ حکومت عنقریب اس پر بھی امتناع عائد کرسکتی ہے ۔ حکومت کو تجویز پیش کی گئی ہے کہ 275 ایپس پر امتناع عائد کردینا چاہئے جو ہندوستان اور ہندوستانیوں کے لئے ٹھیک نہیں ہے ۔ حکومت نے پہلے جو 59 چینی ایپس پر پابندی عائد کی تھی اُن میں ٹک ٹاک ، یو سی براؤزر و دیگر معروف ایپس شامل ہیں۔ پیر کو جو اضافی ایپس پر پابندی عائد ہوئی اُن میں ٹک ٹاک لائیٹ ، ہیلو لائیٹ ، شیئر اِٹ لائیٹ جیسے ممنوعہ ایپس کے کلون اور مختلف اشکال شامل ہیں۔