مسابقتی بل لوک سبھا میں منظور، اجلاس پیر تک ملتوی

   

نئی دہلی: اپوزیشن کے ہنگامے کے درمیان چہارشنبہ کو لوک سبھا میں مسابقتی (ترمیمی) بل 2022 منظور کر لیا گیا۔دوپہر 12 بجے جب ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو اپوزیشن اراکین کے ہنگامہ آرائی کے درمیان وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے مسابقتی (ترمیمی) بل 2022 کو بحث کیلئے پیش کیا۔ ہنگامہ آرائی کے دوران ہی اسے کچھ ترامیم کے ساتھ منظور کیرلیا گیا۔مسابقتی ایکٹ 2002 کا مقصد مسابقت پر منفی اثر ڈالنے والے عوامل کو ختم کرنا اور صارفین کے مفادات کا تحفظ کرنا تھا۔ مسابقتی (ترمیمی) بل 2022 کا مقصد مسابقتی قوانین میں تبدیلیاں کرنا ہے ۔ اس بل میں تصفیہ اور عزم کا فریم ورک تجویز کیا گیا ہے ، جس کا مقصد مقابلہ مخالف طریقوں سے متعلق قانونی چارہ جوئی کو کم کرنا ہے ۔بل کے منظور ہونے کے بعد پریزائیڈنگ آفیسر راما دیوی نے اپوزیشن اراکین پر زور دیا کہ وہ اپنی اپنی نشستوں پر جائیں اور ایوان کے کام کاج کو بہتر بنانے میں تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگ بھی یہاں عوام کے ووٹ لے کر آئے ہیں۔ اس طرح ہنگامہ کھڑا کرنا اچھی بات نہیں ہے ۔ اپنی نشست پر جا کر اپنی بات کہیں۔سیاہ کپڑوں میں ملبوس ایوان میں آئے اپوزیشن اراکین پر راما دیوی کی بات کا کوئی اثر نہیں ہوا اور ایوان میں ہنگامہ اور شور شرابہ جاری رہا۔ اپوزیشن اراکین اڈانی معاملے کی تحقیقات کیلئے ایک مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے اے سی) کی تشکیل کا مطالبہ کر رہے تھے ۔ بعض اراکین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے ۔ راما دیوی نے ہنگامہ آرائی اور شور شرابا نہ رکنے کی وجہ سے ایوان کی کارروائی 3 اپریل تک ملتوی کر دی۔اس سے پہلے جیسے ہی لوک سبھا میں صبح 11 بجے وقفہ سوالات شروع ہوا تو کانگریس اور دیگر اپوزیشن اراکین نے ایوان کے وسط میں ہی ہنگامہ آرائی شروع کردی جس پر پریذائیڈنگ آفیسر بھرت ہری مہتاب نے کہا کہ ایوان کو خوش اسلوبی سے چلانا صرف صدر نشیں کی ذمہ داری نہیں ہے ، بلکہ ایوان کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلا نے کے لئے خوشگوار ماحول قائم کرنا اپوزیسن اراکین کی بھی ذمہ داری ہوتی ہیں۔
ہنگامہ آرائی جاری رہنے پر انہوں نے ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کر دی۔