مسجد محمدیہ کندی، سنگا ریڈی کی افتتاحی تقریب سے مفتی محمد اسلم سلطان قاسمی و دیگر علماء کا خطاب
سنگاریڈی۔ 26 اکتوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مساجد روئے زمین پر اللہ تعالی کے گھر ہیں، ان خیالات کا اظہار مفتی محمد اسلم سلطان قاسمی نے مسجد محمدیہ کندی، سنگاریڈی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالی نے زمین کو آباد کرنے کا ارادہ فرمایا تو سب سے پہلے اپنے گھر کعبتہ اللہ کو تعمیر کروایا اسی طرح حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے جب مدینتہ المنورہ میں قیام کا آغاز فرمایا تو سب سے پہلے مسجد نبویؐ کی سنگ بنیاد رکھی اور مسلمانوں کے دلوں میں مساجد کی محبت، فعالیت، اہمیت اور فضیلت کو اجاگر فرمایا۔ مساجد کے ظاہر و باطن کو بہتر سے بہتر بنانے کی ترغیب دی ظاہر کیلئے فرمایا جو شخص خالص اللہ کے لئے مساجد کو تعمیر کرتا ہئے اللہ تعالی اس کیلئے جنت میں اپنی شان کے مطابق محل تعمیر فرماتے ہیں اور باطنی طور پر مساجد کو آباد رکھنے والوں کے بارے میں فرمایا کہ فرشتے ان کے ہم نشین ہوتے ہیں اگر وہ کسی کام میں ہوں تو فرشتے مدد کرتے ہیں حضور اقدس ؐ نے فرمایا جومسجد سے محبت کرتا ہے اللہ تعالیٰ اس سے محبت کرتے ہیں ۔حضوراکرمؐ کے زمانے میں مساجد تین بنیادی مقاصد کیلئے استعمال کی جاتی تھیں عبادت خواہ فرض ہو یا نفل ہر مسلمان مسجد پہنچ کر ادا کرتا تھا حتی کہ منافق بھی جماعت کی نماز سے پیچھے نہیں رہتے تھے دوسرے علم کے حصول کیلئے مساجد میں با ضابطہ تعلیم کے حلقے لگائے جاتے تھے جس سے امت کا ہر طبقہ فیضیاب ہوتاتھا ،تیسرے مساجد میں اسلام کے تعارف اور ایمان کی مضبوطی کے مذاکرے کئے جاتے تھے حتی کہ غیر مسلم کو بھی کھلے طور پر شرکت اور استفادہ کی اجازت ہوا کرتی تھی، ہمیں بھی چاہیئے کہ ہم اعمال کے اعتبار سے اپنی مساجد کو سرکار دوعالم حضرت محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وسلم کی مسجد مسجد نبویؐ کے نقش قدم پر لانے کی کوشش کرتے رہیں۔ مولانا محمد حشمت علی حسامی نے کہاکہ دنیا میں جو شخص خالص اللہ کی رضا کیلئے مساجد کی تعمیر کریں اگرچہ کہ وہ چڑیا کے گھونسلے کے برابر ہی کیوں نہ ہوں اللہ تعالی ایسے شخص کیلئے جنت میں محل تعمیر کرتے ہیں لہذا ہم سب کو مساجد کی تعمیر وآباد کرنے کی فکرکرنا ازحد ضروری ہے۔ مفتی محمد اسلم سلطان قاسمی کی امامت میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے ساتھ ہی مسجد محمدیہ کندی، سنگاریڈی کا افتتاح عمل میں آیا۔ مسجد محمدیہ اور صحن کے علاوہ مسجد محمدیہ کی بالائی منزل پر بھی عامتہ المسلمین کی کثیر تعداد نے نماز جمعہ ادا کی۔ محمد عبداللہ قریشی، ارشد احمد ایڈوکیٹ، حافظ عبدالباری، محمد افسرخاں اور محمد نجیب نے انتظامات کی نگرانی کی۔