مکہ مکرمہ : حرمین شریفین کی انتظامیہ نے کورونا وبا کے باعث ماہ صیام کے دوران مسجد الحرام میں یومیہ ڈیڑھ لاکھ افراد کو داخل ہونے کی اجازت دے دی۔ سعودی میڈیا کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے انتظامی سربراہ شیخ عبدالرحمن السدیس نے ماہ رمضان میں عمرے اور نمازوں کی ادائیگی سے متعلق ہدایات جاری کی ہیں۔ ہدایات میں کہا گیا کہ ماہ صیام کے دوران مسجد الحرام میں روزانہ ڈیڑھ لاکھ افراد کو داخل ہونے کی اجازت ہوگی جن میں سے 50 ہزار معتمرین ہوں گے۔ معتمرین کے لیے عمر 65 سال سے زائد اور ویکسین کے عمل سے گزرنے کی شرط رکھی گئی ہے۔ حج اور عمرہ کے نائب وزیر ڈاکٹر عبدالفتح نے کہا کہ مسجد الحرام میں معمول کی عبادت کرنے اور عمرہ ادا کرنے کے خواہش مندوں کو علحدہ شناخت جاری کی جائے گی۔ ڈاکٹر عبدالفتح نے ماہ صیام میں عبادت اور عمرہ کے خواہش مندوں کو اجازت حاصل کرنے کے لیے توکلنا ایپ کے استعمال کو لازمی قرار دیا۔ ادھر شیخ عبدالرحمن السدیس کا کہنا تھا کہ مسجد الحرام میں باجماعت تروایح اور طاق راتوں میں قیام سے متعلق ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا، تاہم امید ہے جلد اس حوالے سے موقف سامنے آجائے گا۔