مسجد خواجہ محمود شمس آباد کی شہادت کی تحقیقات کے لیے سہ رکنی کمیٹی تشکیل

,

   

مجلس و کانگریس قائدین کا احتجاج ، کلکٹر رنگاریڈی سے نمائندگی
حیدرآباد۔3۔اگسٹ(سیاست نیوز) مسجد خواجہ محمود شمس آباد کی شہادت کے معاملہ کی تحقیقات کے لئے ضلع کلکٹر رنگاریڈی مسٹر اموئے کمار نے سہ رکنی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے مکمل تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ ضلع کلکٹر رنگاریڈی مسٹر اموئے کمار نے شہید مسجد کی جگہ پر فوری نماز کی اجازت دینے سے انکار کردیا اور کہا کہ ضلع انتظامیہ مسجد کی انہدامی کاروائی اور اراضی کے متعلق مکمل تفصیلات حاصل کرنے تک جوں کا توں موقف رکھنے کی ہدایت دی ہے۔مجلسی و کانگریسی قائدین نے ضلع کلکٹرکی جانب سے کوئی تیقن یا اجازت نہ دیئے جانے کے خلاف احتجاج شروع کردیا جس پر پولیس نے احتجاجی قائدین کو حراست میں لیتے ہوئے انہیں مختلف پولیس اسٹیشنوں کو منتقل کردیا۔ رکن اسمبلی کاروان و رکن تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب کوثر محی الدین نے دن میں ضلع کلکٹر رنگاریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں شہید کی گئی مسجد کی جگہ پر دوبارہ نماز کی اجازت دینے اور دوبارہ اسی جگہ پر مسجد کی تعمیر کی اجازت دیئے جانے کے لئے نمائندگی کی ۔کانگریس قائدین جناب شیخ عبداللہ سہیل اور جناب عثمان بن محمد الہاجری کی قیادت میں کانگریسی وفد نے بھی ضلع کلکٹر سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں یادداشت پیش کی اور شہید کردہ مسجد کے مقام پر نماز کی فوری اجازت دیئے جانے کا مطالبہ کیا۔ شام تک بھی ضلع کلکٹر رنگاریڈی کی جانب سے کوئی تیقن یا تحریری اجازت نامہ نہ دیئے جانے پر دونوں سیاسی جماعتوں کے قائدین نے ضلع کلکٹر کے دفتر پہنچ کردھرنا شروع کردیا۔ دونوں سیاسی جماعتو ںکے قائدین کے احتجاج کو دیکھتے ہوئے پولیس نے مجلسی و کانگریسی قائدین کو حراست میں لے لیا اور چکڑپلی ‘ نامپلی اور رام گوپال پیٹ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ مسجد خواجہ محمود کی شہادت کے بعد شمس آباد کے علاقہ میں آج بھی تناؤ کی صورتحال رہی اور مقامی عوام نے شمس آباد میں آج بھی احتجاج جاری رکھا۔ شمس آباد گرین ایوینیو کالونی کے سرکردہ مسلمانو ںکا اجلاس آج سہ پہر شمس آباد میں منعقد ہوا ۔اس اجلاس میں مستقبل کے لائحہ عمل پر غور وخوص کیا گیا۔ محکمہ مال کے عہدیدارو ںکے مطابق محکمہ بلدیہ اور پولیس کی مدد سے کی گئی اس کاروائی کے سلسلہ میں جو سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اس کی رپورٹ اندرون تین یوم پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ رکن اسمبلی کاروائی جناب کوثر محی الدین نے سہ رکنی کمیٹی کی رپورٹ منفی آنے کی صورت میں شہر کے مختلف مقامات پر احتجاج کا انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ مسجد کی دوبارہ اسی مقام پر تعمیر تک احتجاج جاری رہے گا۔ شمس آباد کے مقامی عوام نے مسجد خواجہ محمود کی انہدامی کاروائی کو سیاسی مدعا نہ بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس مذموم حرکت کے خلاف احتجاج کو سیاسی رنگ دینے سے اجتناب کیا جانا چاہئے۔ ضلع کلکٹر کی جانب سے سہ رکنی کمیٹی کی تشکیل پر صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ کمیٹی کو ریاستی وقف بورڈ کے عہدیدار ان کے پاس موجود تمام تفصیلات فراہم کرتے ہوئے مسئلہ کی یکسوئی میں تعاون کریں گے۔ م