مسجدِ نبویؐ میں زائرین کا منفرد انداز میں استقبال

   

الیکٹرانک اسکرین معتمرین توجہ کا مرکز بن گئی
مدینہ منورہ ،30 اپریل ( یو این آئی)مسجدِ نبویؐ میں زائرین کے استقبال کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا منفرد استعمال کرکے مرکزی دروازے پر ایک بڑی الیکٹرانک اسکرین نصب کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق مسجدِ نبویؐ میں دنیا بھر سے آنے والے زائرین کے استقبال کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا منفرد استعمال شروع کر دیا گیا ہے ۔ انتظامیہ کی جانب سے مسجد کے مرکزی دروازے پر ایک بڑی اور جدید الیکٹرانک اسکرین نصب کی گئی ہے ، جو زائرین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے ۔ اس ڈیجیٹل اسکرین کی خاص بات یہ ہے کہ اس پر دنیا بھر سے آنے والے زائرین کی سہولت کیلئے مختلف زبانوں میں خوش آمدیدی پیغامات ظاہر ہوتے ہیں ۔ ان پیغامات میں عربی، اردو اور انگریزی سمیت دیگر بین الاقوامی زبانیں شامل ہیں، تاکہ ہر ملک سے آنے والا زائر اپنی زبان میں خیر مقدمی کلمات پڑھ سکے ۔ یہ اسکرین نہ صرف مسجد کے داخلی راستے پر روشنی فراہم کرتی ہے بلکہ ہر چند لمحوں بعد اپنا پیغام اور زبان تبدیل کرتی ہے ، جس سے رات کے وقت مسجد کا منظر انتہائی دلکش ہو جاتا ہے ۔ زائرین نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اپنی مادری زبان میں خوش آمدیدی کلمات دیکھ کر انہیں مسرت ہوتی ہے ، یہ منصوبہ مسجدِ نبویؐ میں زائرین کے تجربے کو مزید بہتر اور یادگار بنانے کی ایک کڑی ہے ۔