منیلا: فلپائن میں نامعلوم مسلح حملہ آوروں کے حملے میں ایک صوبے کے گورنر سمیت چھ اہلکاروں ہلاک ہو گئے ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق ہفتہ کو پولیس نے بتایا کہ وسطی فلپائن کے ایک صوبائی گورنر اور کئی دیگر افراد کو نامعلوم مسلح افراد نے مقامی اہلکاروں کے خلاف تازہ ترین حملے میں فائرنگ کا نشانہ بنایا۔پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق نیگروس اورینٹل صوبے کے گورنر روئل ڈیگامو اور دیگر اہلکاروں کو پامپلونا قصبے میں ڈیگامو کے گھر پر فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا۔پولیس کے مطابق چھ مسلح افراد جو مقامی فورس کی وردیوں میں ملبوس تھے گورنر کے گھر میں گھسے اور فائرنگ کی۔گورنر کی بیوہ نے تصدیق کی کہ اُن کے شوہر سمیت چھ افراد کو گولیاں لگیں۔زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے گولیاں لگنے سے اُن کی موت کی تصدیق کی۔صوبائی پولیس کے ترجمان کِم لوپیز نے اے ایف پی کو بتایا کہ جس وقت بندوق بردار اُن کے گھر میں داخل ہوئے گورنر مقامی شہریوں میں امداد تقسیم کر رہے تھے۔فلپائن میں سیاست دانوں پر حملوں کی ایک طویل تاریخ ہے۔ اور 56 سالہ ڈیگامو پر حملہ اس تشدد کا تازہ ترین واقعہ ہے۔