کے این واصف کے ’’البم‘‘ کی رسم اجراء ۔جناب محمدمحمود علی اور انجینئر ایم اے نعیم کا خطاب
حیدرآباد۔24؍ مئی ۔ ( راست ) ۔ انسان دیانتدار ،محنتی ، ادب و اخلاق والااور وقت کی قدر کرنے والا ہو تو کسی بھی شعبہ میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے ان خیالات کا اظہار جناب محمد محمود علی وزیر داخلہ ریاست تلنگانہ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے جناب کے این واصف سینئر جرنلسٹ کی ہندوستان کی تاریخی عمارتوں کی شاہکار تصاویر پر مشتمل فوٹو البم ’’کافی ٹیبل بک‘‘India’s Architectural Heritageکی بزم اُردو ٹوسٹ ماسٹر کلب ریاض کے زیر اہتمام میڈیا پلس آڈیٹوریم میں رسم اجرائی کے موقع پر کیا۔صدارت جناب مظفر حسین انصاری نے کی۔ جناب محمود علی نے کہا کہ مسلمان قرآنی تعلیمات پر عمل کرینگے تو ترقی پائینگے۔ انہوں نے جناب کے این واصف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہندوستانی مسلم حکمرانوں کی تاریخی یادگار عمارتوں کو تصاویر میں پیش کرکے تاریخ رقم کی ہے۔جناب محمود علی نے کہا کہ مسلمانوں نے اس ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم رول ادا کیا ہے لیکن آج ملک میں مسلمانوں کی تاریخ کو توڑ مروڑ کر پیش کیاجارہا ہے۔ انہوں نے مسلم معاشرہ کو تعلیم کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ آج مسلم بچوں کو عصری علوم یعنی ماڈرن ایجوکیشن ضروری ہے۔ جناب محمود علی نے کہا کہ مسلمان محنت سے دور ہورہے ہیں ، مسلمانوں کو زمانے کے ساتھ چلنا اور ترقی کرنا چاہیے۔ مسلمان چھوٹی چھوٹی باتوں پر خون خرابہ پر اتر آتے ہیں ہمیں اچھے برے کی تمیز کرتے ہوئے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ اپنے آپ میں قابلیت پیداکریں اور تعلیمی میدان میں امتیازی کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ہم ملک میںدیگر ابنائے وطن کے سامنے اچھا امیج قائم کریں ۔ انجینئر عبدالحمید نے خطبہ استقبالیہ دیا انہوں نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور جناب کے این واصف کو انکی قیمتی کتاب پر مبارکباد دی۔ جناب کے این واصف نے اپنی اس قیمتی کتاب کی رسم اجرائی کے موقع پر مدعو مہمانوں اور سامعین کا شکریہ ادا کیا ۔ جناب ایوب علی خان نے کے این واصف کی کتاب سے متعلق کہا کہ یہ انکے 30سالہ فوٹو جرنلسٹ کی حیثیت سے صبر آزماسفر کا نتیجہ اور نچوڑ ہے۔ انجینئر محمدعبدالنعیم جنرل منیجرماسا کنسٹرکشن کمپنی ریاض نے کہا کہ ہم ماضی کی تاریخ کو دیکھ کر خوش ہورہے ہیں لیکن ہم کو محاسبہ کرنا چاہیے کہ ہم آنے والوں کیلئے کیا اثاثہ چھوڑا ہے۔انہوں نے محنت ، دیانتداری پر زور دیا۔ جناب جے ایس افتخار نے کے این واصف کی آرکیٹکچر صلاحیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ انکی یہ کتاب تاریخی اہمیت کی حامل ہے۔ تقریب کا آغازڈاکٹر محمد عبداشید جنید کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ جناب سید ضیاء الرحمن نے نظامت کے فرائض انجام دیئے اور جناب غوث ارسلان نے شکریہ ادا کیا۔