مسلم اقلیت کو 12فیصد تحفظات نظرانداز ، 4فیصد تحفظات پر سپریم کورٹ میں خطرہ کے بادل ، نظام آباد میں سیاست کی 75 ویں سالگرہ تقریب سے جناب عامر علی خان کا خطاب
حیدرآباد ۔ 19 ستمبر ( سیاست نیوز) روزنامہ سیاست کا جس وقت آغاز ہوا وہ ایک پُراشوب دور تھا ۔ خاص طور پر مسلمان بہت ہی کٹھن اور صبرآزما دور سے گزر رہے تھے ۔ روزگار تجارت ، تعلیم غرض زندگی کے ہر شعبہ میں ان کی حالت قابل رحم تھی اور آج بھی ملک کے حالات ویسے ہی دکھائی دے رہے ہیں ۔ تعلیمی اقتصادی تجارتی و سیاسی شعبوں میں مسلمانوں کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پیچھے کیا جارہا ہے لیکن ہمیں حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہیئے ۔ اس لئے کہ آزادی سے ملک آج تک مسلمانان ہند پر کئی ایسے حالات آئے اور گئے ۔ حوادث زمانہ ہمارے وجود کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکے اس کی وجہ یہ ہیکہ ہم نے اپنی ہر مصیبت و تکلیف اللہ عزوجل سے راضی رہے جس کے نتیجہ میں ہم نے اپنے اور ملک کے دشمنوں کو یہ پیغام دیا کہ ’’ آسان نہیں مٹانا نام و نشان ہمارا ‘‘ ۔ آج ہمیں ہر معاملہ میں اپنے رب سے رجوع کرتے ہوئے اسی سے مدد مانگنی چاہیئے ۔ ان ولولہ انگیز خیالات کا اظہار نیوز ایڈیٹر ’’سیاست‘‘ جناب عامر علی خان نے روزنامہ سیاست کی 75ویں سالگرہ تقاریب کے ضمن میں منعقدہ تہذیبی و ثقافتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ نظام آباد پہنچنے پر عوام خاص طور پر معزز شخصیتوں بشمول صحافیوں نے جناب عامر علی خان کا والہانہ استقبال کیا ۔ اس موقع پر محمد جاوید علی نامہ نگار سیاست نظام آباد ، غوث خاموشی نامہ نگار یلاریڈی ، ظفر علی نامہ نگار رامپور ، حافظ محمد محسن نامہ نگار بچکنڈہ ، محمد امیر الدین نامہ نگار بال کنڈہ ، محمد فہیم نامہ نگار نظام آباد رورل نے غیر معمولی انتظامات کئے تھے ۔ جناب عامر علی خان نے اپنا سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میںمسلمانوں کو خوفزدہ یا مایوس ہونے کی ضرورت نہیں بلکہ ہمیں خصوصی منصوبہ بندی و حکمت عملی کے ذریعہ ایسے اقدامات کرنے چاہیئے جس سے مسلمانوں کے حالات بہتر ہوں اور خاص کر محلہ واری سطح پر یہ کام کیا جاسکتا ہے ۔آج ہمیں اپنی بنیادیں مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔ روزنامہ سیاست نے بھی ملت کے مستقبل کو بہتر اور محفوظ بنانے کیلئے ایک خصوصی پروگرام شروع کیا ہے اور اس کیلئے والینٹرس کی ضرورت ہے اور نظام آباد سے کم از کم 100 والینٹرس کی ضرورت ہے ۔ جناب عامر علی خان نے مزید کہا کہ مسلمانوں کو اجتماعی طور پر سورہ فیل ، آیت الکرسی کا ورد کرنا چاہیئے تاکہ جو دشمن طاقتیں ہیں اللہ عزوجل ان کے حوصلہ پست کردے ۔ ایک مرحلہ پر جناب عامر علی خان نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے وعدہ کے باو جود مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات فراہم نہیں کئے ۔ اپنے وعدہ کو کے سی آر نے یکدم فراموش کردیا ، اب تو یہ حال ہوگیا کہ ریاست کے مسلمانوں کو تعلیم اور سرکاری ملازمتوں میں فراہم کئے جانے والے 4فیصد تحفظات پر سپریم کورٹ میں خطرہ کے بادل منڈلا رہے ہیں ۔ فرقہ پرست طاقتیں مسلمانوں کی ترقی و خوشحالی کو ہرگز پسند نہیں کرتی ۔ اب تو چیف منسٹر نے درج فہرست قبائل کے تحفظات کو 5فیصد سے بڑھاکر 10فیصد کرنے کا اعلان بھی کیا ہے جبکہ مسلمانوں کے تحفظات بڑھاکر 12فیصد کرنے کے وعدہ کو یکسر فراموش کردیا ۔ مسلمانوں کے ساتھ صرف تحفظات کے معاملہ میں ناانصافی نہیں ہوئی بلکہ کئی شعبوں میں ریاست کے مسلمانوں سے امتیازی سلوک روا رکھا گیا ۔ ان حالات میں مسلمانوں کو اپنے اتحاد و اتفاق کے ذریعہ کے سی آر حکومت کو یہ یاد دلانا ضروری ہے کہ ٹی آر ایس حکومت کی تشکیل میں مسلمانوں کا اہم کردار ہے ۔ اگر وہ مسلم اقلیت کو نظرانداز کریں تو اقلیت بھی انہیں انتخابات میں نظرانداز کرسکتی ہے ۔ جناب عامر علی خان نے ریاست کے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں ۔ دوست دشمن میں تمیز کریں ۔ ہمدردی کرنے والوں پر نہیں بلکہ ٹھوس اقدامات کرنے والے سیاستدانوں کا ساتھ ، ورنہ اپنا الو سیدھا کرنے والوں کی یہاں کوئی کمی نہیں مسلمان اپنی اہمیت بتائیں ۔ اس موقع پر سینئر صحافی جناب اختر امتیاز ، سینئر صحافی جناب اشفاق احمد خان ، پایا خان ایڈیٹر نظام آباد مارننگ ٹائمز ، محمد اویس خان ایڈیٹر مومنٹ ٹائمز ، انور خان ایڈیٹر ہلچل ، باکسنگ کوچ محمد حسام الدین ، طاہر بن حمدان سینئر کانگریس قائد ، سید نجیب علی ایڈوکیٹ و صحافی کو ادارہ سیاست کی جانب سے تہنیت پیش کی گئی ۔ تقریب کے شرکاء میں کارپوریٹر ایم اے قدوس ، کارپوریٹر اکبر حسین ، کانگریس قائدین محمد جاوید اکرم ، مسعود احمد اعجاز ، محمد اعجاز ، صدائے اردو سوسائٹی کے صدر مرزا افضل بیگ ، محمد نثار احمد مالک کلاسک فنکشن ہال ، ایم اے قیوم الدین این آر آئی سکریٹری فنکشن ہالس اسوسی ایشن ، افتخار احمد این آر آئی ، سمیر احمد ٹی آر ایس ، مصطفیٰ الکاف ، کانگریس کے سابق کارپوریٹر محمد احمد ، طارق انصاری ریاستی سکریٹری ٹی آر ایس پارٹی ، حلیم قمر ، نوید اقبال ( رکن حج کمیٹی) ، اختر احمد ٹی آر ایس ، محمد عیسی کانگریس ، فہیم قریشی ، محمد ندیم احمد نائب صدر ہیلت ویلفیر سو سائٹی پھولانگ و دیگر موجود تھے ۔ اس موقع پر محمد خیرالدین بیگ جانی کی قیادت میں صوفی سنگ عمران خان نے ایک سماباندھ دیا جبکہ شبیر خان ، شبن خان ، ذوفی مرزا نے کامیڈی ایٹمس پیش کرتے ہوئے نظام آباد کے عوام کو محظوط کیا ۔ سیاست ٹی وی یونٹ کے ارکان بشمول خواجہ فاروقی ، محمد ریاض احمد ، محمد نعیم وجاہت ، محمد منیر ، محمد شاہنواز بیگ ، شیخ محی الدین وغیرہ بھی موجود تھے ۔