مشرق وسطیٰ میں نیا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے

   

Ferty9 Clinic

ایران کے خلاف دباؤ میں اضافہ پر امریکہ کو چین کا انتباہ
بیجنگ ۔ 18 جون (سیاست ڈاٹ کام) چین نے امریکہ کی طرف سے ایران پر ‘انتہائی’ دباؤ بڑھانے پر تنقید کی ہے۔چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ یی نے منگل کے روز امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر پریشر بڑھانے سے مشرق وسطی میں ایک نیا پنڈورا بکس کھلنے کا خطرہ ہے۔چین کا بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ نے خطے میں مزید ایک ہزار فوجی بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔امریکہ نے ایران پر معاشی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ امریکہ نیحال میں ایران پر الزام عائد کیا کہ اس نے خلیج فارس میں آئل ٹینکروں کو نقصان پہنچایا ہے۔ ایران ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔ایران کے صدر حسن روحانی نے سرکاری ٹی وی پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک کسی کے خلاف جنگ کا ارادہ نہیں رکھتا۔ انھوں نے کہا کہ عالمی برادری دیکھ سکتی ہے کہ امریکہ کا رویہ کیا اور ایران کا رویہ کیا ہے۔خلیج عمان میں جمعرات کو دو تیل بردار ٹینکروں پر حملے کے بعد امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے اور امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں مزید ایک ہزار اضافی فوجی بھیج رہا ہے۔امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے ان ٹینکروں پر ‘بلااشتعال حملوں’ کا الزام ایران پر عائد کیا تھا جبکہ تہران کی جانب سے یہ الزام مسترد کر دیا گیا تھا۔امریکہ کے قائم مقام وزیرِ دفاع پیٹرک شناہن کے مطابق اِن فوجی دستوں کی تعیناتی ایرانی فوج کے ‘جارحانہ رویے’ کے ردِعمل میں کی گئی ہے۔امریکی بحریہ نے کچھ تصاویر بھی جاری کی ہیں، جن سے اْن کے مطابق ایران کے ان حملوں میں ملوث ہونے کا تعلق ثابت ہوتا ہے۔