مشہور تلگو فلم اداکار کے کنونشن سنٹر کو حیڈرا نے منہدم کردیا

   

عدالت سے عبوری حکم التواء کے حصول تک انہدامی کارروائی مکمل، ناگر جنا کا شدید ردعمل
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : مشہور تلگو فلم اداکار ناگر جنا کے کنونشن سنٹر کو حیڈرا کی جانب سے منہدم کردیا گیا ۔ بھاری پولیس جمعیت کے ساتھ حیڈرا کی جانب سے کی گئی کارروائی میں این کنونشن سنٹر کو منہدم کردیا گیا تاہم ناگر جنا کی جانب سے عدالت سے رجوع ہونے پر عبوری حکم جاری کرتے ہوئے کارروائی میں حکم التواء جاری کردیا گیا لیکن اس وقت تک حیڈرا نے اپنی کارروائی انجام دی تھی ۔ عدالتی احکامات کو نظر انداز کرنے اور کارروائی پر جانبداری کا الزام کو حیڈرا نے مسترد کردیا ہے ۔ تلگو فلم اداکار کے کنونشن کے خلاف جاری کارروائی پر سیاسی مباحثہ کے دوران حیڈرا کمشنر نے بیان جاری کیا ۔ مسٹر رنگناتھ جو حیڈرا کے کمشنر ہیں انہوں نے کہا کہ تمام تر متعلقہ محکموں سے رپورٹ حاصل کر کے اور تفصیلی جائزہ کے بعد کارروائی انجام دی گئی اور غیر مجاز تعمیر ایف ٹی ایل پر کی گئی تعمیر کی تصدیق اور بفر زون میں تعمیرات کے خلاف حیڈرا نے اپنا اقدام کیا جس کے لیے حیڈرا کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے ۔ مسٹر رنگناتھ نے بتایا کہ تمی کنٹہ میں موجود غیر مجاز تعمیرات میں این کنونشن کی تعمیر ہے تالاب کے تحت ایف ٹی ایل میں ایک ایکر 12 گنٹہ اراضی کی نشاندہی کی گئی تھی اور بفر زون کے تحت 2 ایکر 18 گنٹے اراضی میں کنونشن تعمیر کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس تعمیر کے لیے جی ایچ ایم سی کی جانب سے اجازت نہیں لی گئی حالانکہ کنونشن کے مالکین نے بی آر ایس کے تحت کوشش کی لیکن متعلقہ عہدیداروں نے اجازت نہیں دی ۔ تمی کنٹہ کے تعلق سے 2014 میں ایچ ایم ڈی اے نے اعلامیہ جاری کیا تھا ۔ جس کے بعد کنونشن کی جانب سے عدالت کا رخ کیا گیا اور سال 2017 میں ایف ٹی ایل سروے رپورٹ پر مقدمہ زیر التوا ہے انہوں نے بتایا کہ کنونشن کے تعلق سے کسی بھی عدالت نے حکم التواء جاری نہیں کیا ۔ این کنونشن کے تعلق سے ایف ٹی ایل اور بفر زون سے متعلق غلط باور کروایا گیا اور کمرشیل سرگرمیاں جاری کی گئیں ۔ عدالت سے راحت کے بعد فلم اداکار ناگر جنا نے راحت کی سانس لی اور اپنا بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی گئی ہے ۔ ع

انہوں نے کنونشن کی تعمیر کو قاعدے کے مطابق انجام دینے کا دعویٰ کیا ۔

حیڈرا کے موقف اور کارروائی کے بعد سیاسی حلقوں میں سنسنی پیدا ہوگئی ہے ۔۔ ع