نئی دہلی: مشہور فلمی تاریخ دان اور دوردرشن کے اناؤنسر شرد دت کا آج صبح اسپتال میں دیہانت ہوگیا۔ وہ 77 برس کے تھے اور گلے کے کینسر میں مبتلا تھے ۔ ان کی کوئی اولاد نہیں تھی۔ وہ برسوں پہلے اپنی اہلیہ سے علیحدگی کے بعد تنہائی کی زندگی گزار رہے تھے ۔ دت دہلی دوردرشن میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے سے ریٹائر ہونے کے بعد ایک ٹی وی چینل کے سربراہ تھے ۔ انہوں نے ماضی کے پلے بیک گلوکار اور اداکار کندن لال سہگل، مشہور میوزک کمپوزر انیل وشواس اور گیت نگار ساحر لدھیانوی کی سوانح عمری لکھی۔ وہ ہندی سنیما کے ایک متحرک تاریخ داں تھے اور نیشنل فلم جیوری کے رکن بھی تھے ۔ انہوں نے نور جہاں، کندن لال سہگل، نوشاد، مکیش، دلیپ کمار، سلیل چودھری اور امیتابھ بچن پر بھی دستاویزی فلمیں بنائیں۔ انہوں نے ڈسکوری آف انڈیا پر ایک ڈاکومنٹری بھی بنائی۔اس کے علاوہ انہوں نے خشونت سنگھ کے ساتھ ایک ڈاکومنٹری بھی بنائی۔ نامور فلمی اداکار دلیپ کمار، خیام، ساگر سرحدی، نیرج نوشاد وغیرہ سے ان کی گہری دوستی تھی۔ انہیں فلمی تاریخ لکھنے کی وجہ سے صدر مملکت سے دو بار سورنا کمل سمان حاصل کیا۔وہ تقریباً سو مشہور دستاویزی فلموں کے پروڈیوسر تھے ۔ ان کی موت پر کئی فلمی ناقدین نے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے ۔