لکھنئو: عالمی شہرت یافتہ شاعرہ محترمہ نسیم نکہت کی اچانک رحلت سے صرف شہر علم وادب لکھنؤ اور ریاست اترپردیش ہی نہیں بلکہ پورے ملک کی ادبی فضا میں ماتم مچ گیا ہے۔ گذشتہ شب عیش باغ واقع قبرستان ملکہ جہاں میں ڈاکٹر نسیم نکہت کو سیکڑوں شیدائیوں، رشتے داروں اور ان سے عقیدت و محبت رکھنے والے لوگوں نے سپردِ خاک کر دیا۔واضح ہو معروف شخصیت چچا امیر حیدر نے اپنے افسردہ لہجے میں کہا کہ ڈاکٹر نسیم نکہت صرف لکھنئو، بارہ بنکی یا اتر پردیش کی ہی نہیں بلکہ پورے ملک کی نمائندہ شاعرہ تھیں جنہوں نے پوری دنیا میں معیاری شاعری کے حوالے سے نہایت معتبر نمائندگی کی، اللہ ان کی قبر کو منور کرے اور پسماندگان کو صبر و تحمل عطا فرمائے۔