قاہرہ، 30 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مصر کے صدر عبد الفتاح السیسی اور فرانس کے صدر اما نوئل میکرون نے لیبیا کے بحران کا سیاسی حل تلاش کرنے کیلئے دو طرفہ اور کثیر جہتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کا اظہار کیا ہے ۔مصر کے صدر دفتر کے پریس سرویس نے پیر کو ایک بیان جاری کر کے یہ اطلاع دی۔ بیان میں کہا گیا کہ السیسی نے میکرون سے اتوار کی شب فون پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے لیبیا میں موجودہ بحران کو حل کرنے کیلئے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو لے کر بحث کی۔بیان کے مطابق السیسی نے لیبیا میں سلامتی اور استحکام کی بحالی، دہشت گردی کے خلاف جنگ کی کوششوں کی حمایت اور مسلح گروپوں کی سرگرمیوں کو روکنے کے ساتھ ساتھ لیبیا کے گھریلو معاملات میں غیر قانونی غیر ملکی مداخلت پر اپنے موقف کا اظہار کیا ۔ میکرون نے بھی کہا کہ فرانس لیبیا کے بحران کے سیاسی حل کیلئے کوشاں ہے ۔