ہانگ کانگ۔7ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) ہانگ کانگ اسپیشل ایڈمنسٹریٹیو ریجن (ایچ کے ایس اے آر ) حکومت نے پرنس ایڈورڈ، مونگ کوک اور یاؤ ماتی کے ارد گردکے علاقوں میں جمعہ کو بنیاد پرست مظاہرین کی وحشیانہ کارروائیوں کی سخت مذمت کی ہے ۔ایچ کے ایس اے آر حکومت کے ترجمان نے ہفتہ کی صبح جاری ایک بیان میں کہا کہ ہانگ کانگ پولیس عوام کی حفاظت اور حقوق کی حفاظت کے لئے ’عزائم سے بھرپورکارروائی‘ کرے گی۔ترجمان نے بتایا کہ مظاہرین جمعہ کے روز شام میں تین مقامات پر جمع ہوئے اور قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پولیس تھانے ، عوامی املاک میں توڑپھوڑ کی اور ماس ٹرانزٹ ریلوے اسٹیشنوں اور مختلف مقامات پر بڑے پیمانے پر آتش زنی کی۔ترجمان نے مظاہرین کے رویہ کو اشتعال انگیز قرار دیا اور کہا کہ مظاہرین کے اس فعل سے عوامی مقامات پر امن و امان کو خطرہ میں ڈالا گیا اور عوامی خدمات متاثر ہوئی ہیں۔