معطل اے سی پی سے اے سی بی کی تفتیش مکمل

   

حیدرآباد۔ غیر محسوب اثاثہ جات کے مقدمہ میں گرفتار معطل اے سی پی ملکاجگیری نرسمہا ریڈی کے تعلق سے حیران کن انکشافات منظر عام پر آرہے ہیں۔آج اے سی بی کی تحویل کے 4 دن ختم ہونے کے بعد نرسمہا ریڈی کی طبی جانچ کے بعد انہیں چنچل گوڑہ جیل منتقل کردیا گیا۔ پوچھ تاچھ کے دوران بعض حیران کن انکشافات ہوئے ہیں۔ اے سی بی کو پتہ چلا کہ اس عہدیدار نے عہدہ کی آڑ میں غیر مجاز طور پر 2ہزار گز سرکاری اراضی واقع ہائی ٹیک سٹی میں ہڑپ لی ۔ اس کے علاوہ رئیل اسٹیٹ کے علاوہ ہوٹل بزنس میں سرمایہ کاری بھی کی گئی اور بڑے پیمانے پر غیر مجاز جائیدادوں کو جمع کیا۔ اے سی بی کے مطابق نرسمہا ریڈی کے رشتہ داروں سے بھی ان کی جائیدادوں کے متعلق پوچھ تاچھ کی گئی اور سرکاری اراضی کو رجسٹریشن کرنے والے ریوینو حکام سے بھی پوچھ تاچھ کی گئی۔