ریاض : سعودی عرب کے معمر ترین موذن شیخ ناصر بن عبداللہ الھلیل پیر کو 118 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ایک ویب سائٹ کے مطابق وہ البدیع کی البطینہ جامع مسجد میں 80 برس سے بلا ناغہ پانچوں فرض نمازوں کیلئے اذان دیتے رہے تھے۔ ان کا انتقال الافلاج کمشنری کی البدیع تحصیل میں ہوا ہے۔ وہ کئی برس سے بیمار تھے اور شدید مرض کی وجہ سے مسجد میں حاضری سے محروم ہوگئے تھے۔ شیخ ناصر 112 برس کی عمر میں البدیع کی البطینہ جامع مسجد میں اذان دینے سے سبکدوش ہوگئے تھے۔ انہوں نے 42 برس الافلاج ادارہ اوقاف کے باقاعدہ موذن کے طور پرفرائض انجام دیئے۔شیخ ناصر کے رشتہ داروں نے بتایا کہ معمر موذن نے بسترمرگ سے اپنی شہادت کی انگلی اٹھائی اور اسی اثناء ان کی روح پرواز ہوگئی۔
