مغربی کنارہ: جنگی جنون میں مبتلا صہیونی فوجی ہر حد پار گئے، فجر کی اذان کے دوران فوجی نے مسجد کے اندر گرینیڈ پھینک دیا۔ تفصیلات کے مطابق جنگی جنون میں مبتلا اسرائیل فوجیوں نے گزشتہ رات مقبوضہ مغربی کنارہ کے علاقہ رام اللہ میں فجر کی اذان کے دوران ایک مسجد میں گرینیڈ پھینک دیا، جس سے مسجد کے اندر زبردست دھماکا ہوا۔ یہ واقعہ وسطی مقبوضہ مغربی کنارے کے گاؤں بدروس میں پیش آیا، ایک اسرائیلی فوجی نے اپنے ساتھی سے کہا کہ وہ گاؤں کی مسجد کے اندر دستی بم پھینکتے ہوئے اس کی ویڈیو بنائے۔ دوسری طرف اسرائیلی اخبار نے اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) کے دعوے کے حوالے سے خبر دی ہے کہ مسجد میں گرینیڈ پھینکنے والے فوجی کو معطل کر دیا گیا ہے۔ ادھر ایک اور اسرائیلی روزنامہ ہاریٹز نے اس واقعہ کو فلسطینیوں کی تذلیل کی ایک اور مثال قرار دیا، اور لکھا کہ یہ واقعہ اسرائیلی فوجیوں کی طرف سے فلسطینیوں کی تذلیل کرنے اور کلپس کو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کی تازہ ترین مثال ہے۔